وکی پیڈیا کے مطابق قمر جمیل (Qamar Jameel) معروف نقاد، صحافی، ادیب، شاعر اور اُردو ادب میں جدید تر رجحانات کے بانی، 10 مئی 1927ء کو حیدر آباد، دکن، برطانوی ہندوستان میں پیدا ہوئے۔
اصل نام قمر احمد فاروقی تھا جب کہ تخلص جمیلؔ کیا۔ آبائی علاقہ سکندر پور (ضلع بلیا) یو پی تھا۔ اِلہ آباد سے انٹر اور عثمانیہ یونیورسٹی حیدر آباد سے بی اے کیا۔ دو شعری مجموعے ’’خواب نما‘‘ اور ’’چہار خواب‘‘ شایع ہوئے جب کہ دو جلدوں پر مشتمل تنقیدی مضامین کا مجموعہ ’’جدید ادب کی سرحدیں‘‘انتقال سے کچھ عرصے قبل شایع ہوا۔ ’’دریافت‘‘ کے نام سے ایک ادبی جریدہ بھی جاری کیا۔ طویل عرصے سے ریڈیو پاکستان کے ساتھ وابستہ رہے۔ کراچی سے نثری نظم کی تحریک کا آغاز کیا اور ادیبوں اور شاعروں کی ایک پوری نسل کو تخلیق کا نیا رجحان دیا۔ اردو ادب کے علاوہ عالمی ادب پر گہری نظر رکھتے تھے۔ بنیادی رکن پاکستان رائٹرز گلڈ (حلقۂ کراچی) تھے۔
27اگست 2000ء کو کراچی میں وفات پاگئے۔