31 مارچ کو ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لیے تحصیلِ خوازہ خیلہ کی چیئرمین شپ کے لیے 12 امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔
اس حلقہ میں صوبائی اسمبلی کے سابق آزاد امیدوار محبوب الرحمان، اس دفعہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر میدان میں ہیں۔ آفتاب علی تحریکِ انصاف، تحریکِ انصاف کے ایم این اے سلیم الرحمان کے چچا اور تحریکِ انصاف کے ناراض رہنما رفیق الرحمن آزاد، سید قمر جے یو آئی، فاروق علی خان پیپلز پارٹی، محمد احسان اللہ جماعتِ اسلامی، محمد اسماعیل خان پختون خوا میپ اور افتخار علی خان، زاہد علی، عمر خان، محمد آفرین اور محمد اقبال آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔

تحصیلِ خوازہ خیلہ چیئرمین شپ کے لیے لنگوٹ کسنے والوں کی تصاویر (فوٹو: فیاض ظفر)

تحصیلِ خوازہ خیلہ کی 30 ویلج کونسلوں میں 238 امیدوار جنرل کونسلر، 38 امیدوار خواتین کونسلر، 91 امیدوار مزدور کسان کونسلر، 88 امیدوار یوتھ کونسلر اور صرف 4 ویلج کونسلوں میں اقلیتی کونسلر کی نشستوں کے لیے 4 امیدوار میدان میں ہیں۔
تحصیلِ خوازہ خیلہ میں کل رجسٹرڈ ووٹوں کی تعداد 159044 ہے جن میں 88022 مرد اور 71022 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔ تحصیل میں 275 پولنگ سٹیشن ہیں، جس کے لیے الیکشن کمیشن نے 1216 عملہ تعینات کیا ہے۔