کینیڈا میں اقوامِ متحدہ کے لیے چنے گئے امن کے سفیر عمیر خان دُبئی میں ہونے والی چار روزہ امن کانفرنس 2022ء میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر سوات سے تعلق رکھنے والے عمیر خان (حال کینیڈا) نے کینیڈین، ساؤتھ ایشین اور پاکستانی کمیونٹی کی ترجمانی کی۔
عالمی سطح پر انسان کی قدر و قیمت، بقا و سلامتی کے لیے رنگ، نسل، مذہب اور جغرافیہ سے مبرا ہوکر عمل پیرا تنظیم ’’گلوبل پیس چین‘‘ ہر سال دنیا کے مختلف ممالک میں امن کانفرنس کا انعقاد کرتی ہے۔ امسال اس چہار روزہ کانفرنس کا انعقاد متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی (Dubai) میں کیا گیا جس میں شرکت کے لیے دنیا بھر سے مختلف مذاہب کے ماننے والے، اساتذہ، سفارت کار، سفیر، بااثر کمیونٹی گروپ، اقوامِ متحدہ کے حکام اور دیگر لوگوں کو مدعو کیا گیا۔
مذکورہ ادارے کی جانب سے امسال (2022ء) میں ہونے والی امن کانفرنس میں شرکت کے لیے کینیڈا میں اقوامِ متحدہ کے امن کے سفیر پاکستانی نژاد عمیر خان (سوات کا باسی) کو مدعو کیا گیا۔
عمیر خان نے اس موقع پر افغانستان کے امن کے سفیر خواجہ شمس الرحمان (Khwaja Shams ur Rehman)، اسرائیل کے امن کے سفیر جوئی ٹاکو (Joe Tako) ، یوکرین کی امن سفیر ارینا ٹومین (Iryna Tomyn) اور دیگر سے تبادلۂ خیال کیا۔