وکی پیڈیا کے مطابق مصر کے نوبل پرائز حاصل کرنے والے مشہور مصنف نجیب محفوظ (Naguib Mahfouz) تیس اگست 2006ء کو انتقال کرگئے۔
آپ قاہرہ میں پیدا ہوئے تھے۔ آپ نے 17 سال کی عمر میں لکھنا شروع کیا لیکن جب آپ کی پہلی تصنیف شائع ہوئی، تو اس وقت آپ کی عمر 38 سال تھی۔ 1988ء میں آپ کو ادب کا نوبل انعام دیا گیا۔
آپ کہا کرتے تھے کہ ایک مصنف کا کام ان حالات کی نقشہ کشی کرنا ہوتا ہے، جن میں وہ رہتا ہے اور اگر حالات تبدیل ہو جاتے ہیں، تو مصنف بھی تبدیل ہو جاتے ہیں۔
آپ کے ناولوں میں قاہرہ کی زندگی کی نقشہ کشی کی گئی ہے۔ ابتدائی سالوں میں، نجیب محفوظ نے حافظ نجیب، طہ حسین اور سلمہ موسیٰ کو پڑھا اور ان سے متاثر بھی تھے۔
آپ نے کم از کم پچاس کے قریب ناول اور سیکڑوں کہانیاں لکھیں۔ اس کے علاوہ دو سو سے زیادہ مضامین لکھے، جن کی تفصیل کے لیے ایک الگ دفتر درکار ہے۔ کچھ سال پہلے آپ کی کلیات پانچ جلدوں میں شائع ہوئی جو تین ہزار صفحات پر مشتمل ہے، اور یہ آپ کا نصف کام بھی نہیں ہے۔
آپ کے پندرہ ناولوں پر فلمیں بھی بنائی گئی ہیں، جو جبل الطارق سے خلیج فارس تک پھیلے ہوئے عرب ممالک میں اپنی شہرت رکھتی ہیں۔
"Adrift on the Nile” بنیادی طور پر عربی ناول ہے جسے فرانسس لیارڈیٹ نے انگریزی میں ترجمہ کیا ہے۔ اس کا اُردو ترجمہ ’’آبِ نیل پہ آوارگی‘‘ نیئر عباس زیدی نے کیا ہے۔
