’’روغ صحت اختر دے‘‘

Blogger Suhail Sohrab

زندگی میں کچھ باتیں ایسی ہوتی ہیں، جو ہمیں اُس وقت سمجھ نہیں آتیں، جب ہمارے بڑے ہمیں سمجھا رہے ہوتے ہیں۔ ہم اُن کی باتوں کو ’’پرانی فکر‘‘ سمجھ کر ہنسی میں اُڑا دیتے ہیں، مگر وقت گزرنے کے ساتھ جب ہم خود اُن حالات سے گزرتے ہیں، تو وہی باتیں دل میں اُتر جاتی ہیں۔
رمضان المبارک کا مہینا شروع ہوتے ہی ہمارے دلوں میں عید کی خوشی جاگ اُٹھتی تھی۔ ہم روز گنتی کیا کرتے تھے کہ عید آنے میں کتنے دن باقی ہیں؟ ہمارے لیے عید کا مطلب نئے کپڑے، چمکتے جوتے اور عیدی کے کڑک دار نوٹ ہوتے تھے۔ اُن دنوں ہماری نانی یا دادی مسکرا کر کہا کرتیں: ’’زویہ، روغ صحت اختر دے!‘‘ یعنی اصل عید اچھی صحت ہے۔
ہمیں اُس وقت اُن کی بات عجیب لگتی تھی۔ ہم سوچتے تھے کہ بھلا صحت بھی کوئی عید ہوتی ہے؟ ہمارے نزدیک تو عید صرف ظاہری خوشیوں کا نام تھا… مگر وقت کے ساتھ جب ہم بڑے ہوئے، زندگی کی ذمے داریاں سنبھالیں اور بیماریوں اور مشکلات کا سامنا کیا، تب ہمیں اُن کے الفاظ کی گہرائی سمجھ آئی۔
آج جب ہمارے اپنے بچے ہم سے پوچھتے ہیں کہ ’’بابا، عید آنے میں کتنے دن باقی ہیں؟‘‘ تو ہم مسکرا کر جواب دیتے ہیں: ’’زویہ، روغ صحت اختر دے!‘‘ اب ہمیں معلوم ہے کہ اگر صحت ہو، تو ہر دن عید ہے… اور اگر صحت نہ ہو، تو عید کی ساری رونقیں بھی بے معنی لگتی ہیں۔
حقیقت یہ ہے کہ صحت اللہ تعالیٰ کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ جب جسم تن درست ہو، دل مطمئن ہو اور گھر والے خیریت سے ہوں، تو یہی سب سے بڑی خوشی ہے۔ نئے کپڑے اور پیسے وقتی خوشی دیتے ہیں، مگر اچھی صحت انسان کو زندگی بھر سکون دیتی ہے۔
ہمیں چاہیے کہ ہم اپنے بڑوں کی باتوں کی قدر کریں۔ کیوں کہ اُن کے تجربے میں زندگی کی سچائیاں چھپی ہوتی ہیں… اور ہمیں بھی اپنے بچوں کو یہی سکھانا چاہیے کہ اصل خوشی چیزوں میں نہیں، بل کہ صحت، محبت اور شکر گزاری میں ہے۔
یقیناً ’’روغ صحت اختر دے!‘‘ صرف ایک جملہ نہیں، بل کہ ایک مکمل سبق ہے، جو وقت ہمیں آہستہ آہستہ سکھاتا ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفت گو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے