13 ستمبر، دانتے کا یومِ انتقال

معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "britannica.com” کے مطابق دانتے (Dante) مشہور اطالوی شاعر، لکھاری اور فلاسفر 13 ستمبر 1321ء کو راوینا (Ravenna) میں انتقال کرگئے۔ (واضح رہے کہ دانتے کے یومِ انتقال پر اختلاف پایا جاتا ہے۔ اس وجہ سے مذکورہ نشریاتی ادارہ پر 14 ستمبر بھی درج ہے)
دانتے اٹلی، فلورنس کے ایک غریب گھرانے میں 1265ء میں پیدا ہوئے۔ 1292ء میں شادی کی۔ شہری سیاست میں حصہ لیتے تھے۔ 1302ء میں جَلا وطن کر دیے گئے اور بقیہ عمر خانہ بدوشی میں گزاری۔ ان کی شہرہ آفاق تمثیلی نظم ’’طربیہ خداوندی‘‘ (ڈیوائن کامیڈی) میں شاعر کی روح دوزخ، اعراف اور جنت کا سفر کرتی ہے۔ جنت میں ان کی ہم سفر ان کی محبوبہ بیٹرس تھی، جو 9 برس کی عمر سے ان کے خیالوں میں بسی ہوئی تھی۔ ’’نئی زندگی میں‘‘ان کی خوب صورت عشقیہ نظموں کا مجموعہ ہے۔ اس میں دانتے نے اپنی داستانِ محبت بیان کی ہے۔