چند سال سکون سے گزرتے ہیں اور پھر فلسطین میں نہتے افراد کا خون بہنے لگتا ہے۔ وجہ یہ ہوتی ہے کہ ایک تنظیم چھاپا مار کارروائیاں کرتی ہے، جب وہ حملہ کرتی ہے، تو اس کو ’’اللہ کی مدد‘‘ اور ’’ابابیلوں کا ہاتھیوں پر حملہ‘‘ سے تعبیر کرکے بغلیں بجائی جاتی ہیں۔ پھر جب جوابی وار ایک طاقت ور اور ظالم حکومت کرتی ہے، تو اللہ اور امام مہدی کے نام کی دُہائی دی جاتی ہے۔ مسلمانوں کو غیرت دلائی جاتی ہے کہ ’’شرم کرو، تمھارے بھائیوں پر ظلم ہورہا ہے اور تم بے غیرت بنے گھروں میں بیٹھے ہو!‘‘
ابو جون رضا کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/raza/
پھر ہم دیکھتے ہیں کہ چند تنظیمیں احتجاجی ریلیاں نکالتی ہیں اور گھوڑوں پر سوار مرد و عورت شاہ راہِ فیصل پر فلسطین کا پرچم اُٹھائے مارچ کرتے نظر آتے ہیں۔ ملا مسجدوں کے اندر اور باہر تقریریں کرتے ہیں کہ اسرائیل کا وجود مکڑی کے جالے سے بھی کم زور ہے، اور آیندہ 25 سالوں میں اسرائیل اس دنیا کے نقشے سے غائب ہوجائے گا، وغیرہ۔
یہ دیوانے کی وہ بڑ ہے جس کو سن سن کر اَب کان پک چکے ہیں۔ اس وقت اسرائیل ایک ایسی حقیقت ہے جس کو مکمل طور پر ختم کرنے کی بات مکمل طور پر مضحکہ خیز ہے…… لیکن ملاؤں کے تربیت یافتہ منجمد ذہنوں کے لوگ دنیا کا چلن جانے بغیر، اسرائیل کا پرچم دانتوں سے نوچ ہی رہے ہوتے ہیں کہ پھر سے جنگ بندی ہوجاتی ہے۔ لوگ سب کچھ بھول بھال دوسرے ایشوز کی طرف متوجہ ہوجاتے ہیں، اور وہ معصوم بچے اور عورتیں جن کے گھر والے ان جنگوں کا شکار بنتے ہیں، وہ حسرت سے آسمان کی طرف دیکھتے رہتے ہیں کہ شاید خدا کوئی مسیحا اتار دے…… لیکن کوئی مسیحا نہیں اُترتا۔
رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی زندگی کا جائزہ لیں، تو ابتدائے اسلام میں اُن کے سامنے کعبہ میں 360 بت رکھے تھے۔ آپ نے کافروں سے جنگ و جدال کی بجائے مکمل طور پر اعراض سے کام لیا اور خود کو توحید کی دعوت پر مرکوز رکھا۔
اسی طرح جب حدیبیہ کا معاملہ پیش آیا، تو آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے ایک قدم پیچھے ہٹتے ہوئے یک طرفہ طور پر کفار کی ساری شرطیں مان کر معاہدہ کیا، جس پر مسلمان بھی ناخوش تھے۔ کیونکہ وہ جنگ کرنا چاہتے تھے، مگر خدا نے اس معاہدے کو فتحِ مبین قرار دیا اور پھر دو سال کی قلیل مدت میں مکہ بغیر کسی جنگ کے فتح ہوگیا۔
رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم سنہ 8 ہجری میں جب مدینے سے مکہ کی طرف نکلے، تو کسی صحابی نے کہا کہ آج جنگ کا دن ہے، رسولِ اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے جب یہ سنا، تو فرمایا: ’’نہیں، آج رحمت کا دن ہے!‘‘
نبی کریم صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے اسوہ سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ امن کبھی دوطرفہ بنیاد پر قائم نہیں ہوتا، بلکہ یک طرفہ ’’صبر‘‘ کی بنیاد پر قائم ہوتا ہے، اور اَمن وہ چیز ہے، جس کو ہر قیمت پر انسان کو خریدنا چاہیے۔
اسلام کی نظریاتی فتح اِس کی سیاسی فتح سے کہیں بلند و بالا ہے۔ افسوس کہ اس وقت سیاست کے نام پر جو ’’ہاہا کار‘‘ مسلمانوں نے مچائی ہوئی ہے، اُس کی وجہ سے دعوتی عمل زمانہ سے منقطع ہے۔ یہ اصل میں وہ نفرت ہے جو انسان سے انسانوں کو مذہب کے نام پر کروائی گئی ہے۔
یاد رکھیے کہ تشدد کبھی اصلاح پیدا نہیں کرتا، بلکہ نفرت و عداوت پیدا کرتا ہے اور ’’نفرت چاہے کسی صحیفے میں لکھی ہو، یا سفید پارچے میں لپٹی ہو…… بہرحال انسان اور اس کے کاموں کی نفی ہے!‘‘
دعا ہے کہ اے پروردگار! فلسطین میں امن پیدا ہو اور لوگوں کو شعور عطا ہو کہ وہ جنگ کی بجائے امن کو ہر چیز پر ترجیح دیں، آمین!
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔