13 جون، شہنشاہِ غزل مہدی حسن کا یومِ انتقال

13 جون 2012ء کو 85 سال کی عمر میں شہنشاہِ غزل مہدی حسن لمبی علالت کے بعد گزر گئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق بر صغیر پاک و ہند میں مہدی حسن کا نام اور ان کی آواز کسی تعارف کی محتاج نہیں۔ مہدی حسن کی گائیگی بھارت اور پاکستان میں یکساں مقبول ہے۔ بھارت کی ممتاز گلوکارہ لتا منگیشکر نے ایک بار مہدی حسن کی گائیگی کو ’’بھگوان کی آواز‘‘ سے منسوب کیا تھا۔ مہدی حسن ایک سادہ طبیعت انسان تھے۔بعض اوقات بات سیدھی منھ پر کر دیا کرتے تھے۔ فلمی موسیقی کے زرخیز دور میں مہدی حسن کو احمد رشدی کے بعد دوسرے پسندیدہ گلوکار کا درجہ حاصل رہا۔
وکی پیڈیا کے مطابق مہدی حسن 1927ء میں راجستھان کے ایک گاؤں لُونا میں پیدا ہوئے۔ اُن کے والد اور چچا دُھرپد گائیکی کے ماہر تھے اور مہدی حسن کی ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی۔ خود اُن کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی سولہویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے ۔
وکی پیڈیا کے مطابق خان صاحب مہدی حسن نے کل 441 فلموں کے لیے گانے گائے۔ گیتوں کی تعداد 626 ہے۔ فلموں میں سے اردو فلموں کی تعداد 366 جن میں 541 گیت گائے، جب کہ 74 پنجابی فلموں میں 82 گیت گائے۔ انہوں نے 1962ء سے 1989ء تک (28سال) مسلسل فلموں کے لیے گائیکی کی تھی ۔ فلمی گیتوں میں ان کے سو سے زیادہ گانے اداکار محمد علی پر فلمائے گئے ۔ اس کے علاوہ مہدی حسن خان صاحب ایک فلم شریک حیات 1968ء میں پردہ سیمیں پر بھی نظر آئے۔