اے اہلِ سوات! ہم آپ کے علم میں لانا چاہتے ہیں کہ سرکاری کمپنی ’’پیڈو‘‘ بجلی گھروں کی تعمیر کے لیے مدین سے کالام گبرال تک پورے دریائے سوات کو سرنگوں میں چھپانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ خصوصاً ہم اہلِ بحرین، سوات کو آپ کی مدد کی ضرورت ہے۔ کیوں کہ پیڈو نے بحرین کے درمیان بہنے والی درال ندی کا پانی پہلے ہی سرنگ میں ڈال کر اسے خشک کر دیا ہے اور ملکی مفاد کے نام پر زبردستی بحرین کی رونقوں کو بڑا نقصان پہنچایا ہے۔ اس پر ان کا دل نہیں بھرا اور اب یہ لوگ دریائے سوات کا پانی کیدام کے مقام پر سرنگ میں ڈال کر اسے بھی خشک کرنا چاہتے ہیں۔ اس سے نہ صرف بحرین کا قدرتی ماحول اور اس کی خوب صورتی ختم ہوجائے گی اور یہاں کی سیاحت اور ہوٹل انڈسٹری تباہ ہو جائے گی، بل کہ آبی حیات خطرے میں پڑجائے گی اور درجنوں چشمے خشک ہو جائیں گے۔
ہم اُن تمام عوام دشمن اور ماحول دشمن منصوبوں کی مخالفت کرتے ہیں، جن سے سوات کا قدرتی حسن برباد ہوتا ہے۔ خصوصاً اس سلسلے کا پہلا منصوبہ (کیدام-مدین ہائیڈرو پاور پراجیکٹ) کی تعمیر روکنے کے لیے ہم بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور اس کے لیے تمام تر پُرامن اور قانونی راستے استعمال کر رہے ہیں۔ ہم نے مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں پیڈو افسران پر ثابت کر دیا ہے کہ وہ زیادتی کر رہے ہیں اور غلطی پر ہیں، لیکن لگتا ہے کہ پیڈو والوں کو اس بات کی کوئی پروا نہیں اور وہ بدمعاشی سے زور زبردستی کے ساتھ منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔
یہ منصوبہ ہمارے لیے زندگی اور موت کا سوال ہے اور موجودہ شکل یعنی دریائے سوات کو سرنگوں میں ڈالنا، ہمیں کسی صورت قبول نہیں۔ ایک طرف ہم کوشش کر رہے ہیں کہ ورلڈ بینک کو فنڈنگ سے باز رکھیں، دوسری طرف ہم عدالتوں سے بھی رجوع کرنے کی تیاری کر رہے ہیں، تاکہ ہم ملکی قوانین کا سہارا لے کر اپنے اوپر ہونے والے ظلم کا راستہ روکیں۔
اے اہلِ سوات! ہم (بحرین سوات کے باشندے) آپ سے درخواست کرتے ہیں کہ آپ ہمارے اوپر ہونے والے اس ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔ بحرین صرف بحرین کے لوگوں کا نہیں پورے سوات کے لوگوں کا ہے۔ لہٰذا آپ مختلف طریقوں سے ہماری مدد کرسکتے ہیں۔ جیسے:
٭ ورلڈ بینک والوں کو "grievances@worldbank.org” پر ای میل کرکے اُنھیں اس پراجیکٹ کے تباہ کن نتائج کا احساس دلاسکتے ہیں۔
٭ مقامی انتظامیہ خصوصاً ڈی سی سوات سے وفود کی شکل میں ملاقات کرکے دریائے سوات کو سرنگوں میں چھپانے کی مخالفت کرسکتے ہیں۔
٭ سوات پریس کلب میں پریس کانفرنس کا اہتمام کریں اور اپنی آواز اُٹھائیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔