عام طور پر ’’ثُبوت‘‘ (عربی، اسمِ مذکر) کا تلفظ ’’ثَبوت‘‘ ادا کیا جاتا ہے۔
’’فرہنگِ تلفظ (نستعلیق ایڈیشن)‘‘، ’’نور اللغات‘‘، ’’اظہر اللغات (مفصل)‘‘، ’’جہانگیر اُردو لغت (جدید)‘‘، ’’فیروز اللغات (جدید)‘‘، ’’جامع اُردو لغت‘‘، ’’علمی اُردو لغت (جامع)‘‘ اور ’’فرہنگِ عامرہ (کمپیوٹرائزد ایڈیشن)‘‘ کے مطابق دُرست تلفظ ’’ثُبوت‘‘ ہے۔ اس طرح ’’فرہنگِ آصفیہ (جدید کمپیوٹرائزڈ ایڈیشن)‘‘ کے مطابق دُرست تلفظ ’’ثَبوت‘‘ جب کہ "rekhtadictionary.com” کے مطابق ’’ثُبوت‘‘ اور ’’ثَبوت‘‘ دونوں دُرست ہیں۔
اس حوالے سے ’’قیوم ملک‘‘ کی تالیف و تدوین شدہ کتاب ’’اُردو میں عربی الفاظ کا تلفظ‘‘ (اشاعتِ پنجم نومبر 2019ء، مطبوعہ ’’نیشنل بُک فاؤنڈیشن‘‘) بھی ایک معتبر حوالہ ہے۔ اس کتاب کے صفحہ 143 پر ’’غلط تلفظ سے اَدا کیے جانے والے الفاظ‘‘ کے ضمن میں دیے جانے والے الفاظ میں ’’ثُبوت‘‘ کو صحیح اور ’’ثَبوت‘‘ کو غلط تلفظ کی مد میں رقم کیا گیا ہے۔
حاصلِ نشست:۔ اس لیے بہتر یہ ہے کہ مذکورہ لفظ کا تلفظ ’’ثُبوت‘‘ ادا کیا جائے نہ کہ ’’ثَبوت‘‘۔