5 اگست، میریلن مونرو کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق میریلن مونرو (Marilyn Monroe)، مشہور امریکی اداکارہ، گلوکارہ اور ماڈل، نے 5 اگست 1962ء کو مبینہ طور پر خود کُشی کرکے اپنی زندگی کا چراغ گُل کردیا۔
1 جون 1926ء کو کیلی فورنیا، امریکہ میں پیدا ہوئیں۔ پیدایش کے وقت نام ’’نورما جین بیکر‘‘ رکھا گیا۔ جہاں اُن کا جنم ہوا، وہ جگہ ہالی وڈ اسٹوڈیوز کے قریب واقع تھی۔ بچپن کا بیشتر حصہ یتیم خانوں میں گزارنے کے بعد ایک ماڈل کی حیثیت سے اپنی پیشہ ورانہ زندگی کا آغاز کیا، جس کے نتیجے میں 1946ء میں اُنھیں ایک فلم میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔ ابتدائی طور پر چھوٹے موٹے کردار ملے، لیکن ’’دی اسفالٹ جنگل‘‘ (The Asphalt Jungle) اور ’’آل اباؤٹ ایو‘‘ (All About Eve) دونوں فلمیں 1950ء میں ریلیز ہوئیں، شان دار کارکردگی کے باعث پذیرائی حاصل کی۔ ’’جینٹل مین پریفیر بلونڈز‘‘ (Gentlemen Prefer Blondes)، ’’ہاؤ ٹو میری اے ملینیئر‘‘ (How to Marry a Millionaire)، ’’سم لائیک اٹ ہوٹ‘‘ (Some Like It Hot) اور ’’دی سیون ایئر اِچ‘‘ (The Seven Year Itch) میں طربیہ اداکاری نے اُنھیں ہالی ووڈ کی مشہور اور مسحور کن ترین اداکاراؤں میں سے ایک بنا دیا۔
زندگی کے آخری ایام بیماریوں، ذاتی مسائل اور کام کے لیے ناقابل بھروسا اور مشکل فرد کی ساکھ بننے کے باعث انتہائی مشکلات میں گزرے۔ ضرورت سے زیادہ دوا استعمال کرنے کے باعث موت واقع ہوگئی۔ باضابطہ طور پر تو اسے خود کُشی قرار دیا گیا، لیکن حادثاتی طور پر زائد خوراک کے استعمال اور قتل کا شبہ بھی خارج از امکان نہیں۔
1999ء میں امریکن فلم انسٹیٹیوٹ نے تاریخ کی عظیم ترین خاتون اداکاراؤں میں مونرو کو چھٹا درجہ دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے