معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "britannica.com” کے مطابق بین ہوگن (Ben Hogan)، مشہور امریکی گالفر، 25 جولائی 1997ء کو فورٹ ورتھ، ٹیکساس، امریکہ میں انتقال کرگئے۔
بین ہوگن کا پورا نام ولیم بینجمن ہوگن (William Bejnamin Hogan) ہے۔ 13 اگست 1912ء کو ڈبلن، ٹیکساس، امریکہ میں پیدا ہوئے۔ 1949ء میں ٹریفک حادثے میں بری طرح زخمی ہوئے۔ ڈاکٹروں نے ان کے بارے میں دعوا کیا تھا کہ یہ کبھی چل نہیں پائیں گے، مگر انھوں نے ثابت کردیا کہ ہمت ہو، تو معجزے رونما ہوسکتے ہیں۔
1929ء میں پروفیشنل گالف کا آغاز کیا۔ 1946 ء میں ’’چارلس شواب چیلنج گالف ٹورنامنٹ‘‘ جیت کر خود کو منوایا۔ اس کے بعد دو بار یعنی 1946ء اور 1948ء میں "Professional Golfers Association of America (PGA) Championship” جیتا۔ تین بار "Vardon Trophy” اپنے نام کی۔ اس کے علاوہ بھی کار ہائے نمایاں انجام دیں جس کی فہرست طول طویل ہے۔
(یہ تحریر کامریڈ امجد علی سحابؔ نے انگریزی سے اُردو کے قالب میں ڈھالی ہے)