12 جولائی، آغا ناصر کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق آغا ناصر (Agha Nasir)، پاکستان کے مشہور براڈ کاسٹر، مصنف اور ہدایت کار، 12 جولائی 2016ء کو اسلام آباد میں انتقال کرگئے۔
9 فروری 1937ء میں میرٹھ کے قصبے فریدنگر میں پیدا ہوئے۔ بی اے کا امتحان سندھ مسلم کالج پاس کیا اور تاریخ میں ایم اے کی ڈگری جامعۂ کراچی سے حاصل کی۔ کریئر کا آغاز 1955ء میں ریڈیو پاکستان میں براڈکاسٹر کی حیثیت سے کیا۔ بعد ازاں ادارے کے ڈائریکٹر جنرل کے عہدے پر بھی فائز رہے ۔ 1964ء میں پی ٹی وی سے منسلک ہو گئے اور یہاں بطورِ ہدایت کار اور پروڈیوسر کام کیا۔ کچھ عرصے کے لیے پی ٹی وی کے مینیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے۔
آغا ناصر کی ایک تخلیق ’’تعلیمِ بالغاں‘‘ کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے والے بہترین ڈراموں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔ کئی فلموں میں ہدایت کاری بھی کی جن میں وحید مراد اور طلعت اقبال جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔ ایک اچھے مصنف بھی تھے۔ کل چھے کتابیں تحریر کیں۔خودنوشت سوانح ’’آغا سے آغا ناصر‘‘ تک پورب اکیڈمی اسلام آباد سے جون 2017ء میں شائع ہوچکی ہے۔
ریڈیو پاکستان میں ’’اسٹوڈیو نمبر 9‘‘ اور ’’حامد میاں کے یہاں‘‘ جب کہ پاکستان ٹیلی وِژن میں ’’الف نون‘‘ اور’’تعلیمِ بالغاں‘‘ جیسے شاہ کار ڈرامے تخلیق کیے۔ 1970ء کے عام انتخابات کی براہِ راست نشریات بھی ان کے کیرئیر میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے۔ سبک دوشی کے بعد ایک نجی ٹی وی چینل سے بھی منسلک رہے ۔ اپنی گراں قدر خدمات کے نتیجے میں صدارتی تمغا برائے حسنِ کارکردگی سے بھی نوازے گئے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے