وکی پیڈیا کے مطابق ممتا کلکرنی (Mamta Kulkarni) مشہور بھارتی فلمی اداکارہ اور ماڈل، 20 اپریل 1972ء کو بمبئی، بھارت میں پیدا ہوئیں۔
’’عاشق آوارا‘‘ (1993ء)، ’’وقت ہمارا ہے‘‘ (1993ء)، ’’کرانتی ویر‘‘ (1994ء)، ’’کرن ارجن‘‘ (1995ء)، ’’سب سے بڑا کھلاڑی‘‘ (1995ء)، ’’آندولن‘‘ (1995ء)، ’’بازی‘‘ (1996ء)، ’’چائنا گیٹ‘‘ (1998ء)، ’’نصیب‘‘ (1997ء) اور ’’چھپا رستم‘‘ (2001ء) جیسی یادگار فلموں میں نظر آئیں۔ ’’عاشق آوارا ‘‘میں اپنی اداکاری کے لیے 1994ء کا فلم فیئر اعزاز برائے بہترین نئی اداکارہ جیتا۔ راکیش روشن کی ہدایت کاری میں بننے والی ’’کرن ارجن‘‘ میں سلمان خان کے ساتھ اداکاری کی۔ ’’کبھی تم کبھی ہم‘‘ میں اداکاری کرنے کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کَہ دیا۔
2016ء میں 2 ہزار کروڑ کے منشیات کیس میں ان کا نام بھی آیا تھا۔ بعد میں بھارتی ریاست مہاراشترا کے شہر تھانے کی خصوصی عدالت نے دو ہزار کروڑ کے منشیات کیس میں سیل کیے گئے اداکارہ کے چھے بینک اکاؤنٹس تین ایف ڈیز اور ممبئی کے دو فلیٹس کو ریلیز کرنے کی درخواست مسترد کی۔