وکی پیڈیا کے مطابق محمد عامر (Mohammad Amir) مشہور پاکستانی کرکٹر، 13 اپریل 1992ء کو راولپنڈی، پنجاب میں پیدا ہوئے۔
وسیم اکرم کو اپنا پسندیدہ باؤلر مانتے ہیں۔ ایک طرح سے اُسے آئیڈیل سمجھتے ہیں۔ کہتے ہیں: ’’جب مَیں اُسے ٹی وی پر دیکھتا تھا، تو مَیں یہ دیکھنے کی کوشش کرتا تھا کہ وہ گیند کے ساتھ کیا کر رہا ہے۔ پھر میں باہر جا کر اس کے ایکشن اور باؤلنگ کی نقل کرتا تھا۔‘‘
2003ء میں 11 سال کی عمر میں، عامر کو ایک مقامی ٹورنامنٹ میں دیکھا گیا۔ سر آصف باجوہ، جو کہ باجوہ کرکٹ کے چیئرمین ہیں، کی قائم کردہ اسپورٹس اکیڈمی میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی۔ قومی ٹیم میں شامل ہونے کے بعد اپنے خاندان کے ساتھ لاہور منتقل ہو گئے، تاکہ اعلا ترین کرکٹ کی سہولیات کے قریب ہو سکیں۔ عامر نے ستمبر 2016ء میں برطانوی شہری نرجس خان سے شادی کی، جس کے بطن سے دو بیٹیاں منسا عامر اور زویا عامر ہیں۔
2009ء اور 2020ء کے درمیان پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلے۔ دسمبر 2020ء میں بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہوئے۔ تاہم 14 جون 2021ء کو بیان دیا کہ وہ کرکٹ ٹیم میں واپسی کے لیے تیار ہیں۔ نومبر 2008ء میں فرسٹ کلاس ڈیبیو کیا۔ جولائی 2009ء میں سری لنکا میں 17 سال کی عمر میں اپنا پہلا یک روزہ بین الاقوامی اور ٹیسٹ کھیلا۔ 29 اگست 2010ء کوسپاٹ فکسنگ کے الزام میں گرفتار کیے گئے۔ اپنے پراسیکوٹر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے ذریعے سنائے گئے فیصلے پر جرم قبول کیا اور عوامی طور پر معافی کی درخواست کی۔ نومبر 2011ء میں ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں سلمان بٹ اور محمد آصف کے ساتھ اسپاٹ فکسنگ سے متعلق سازش کے الزامات میں سزا سنائی گئی اور 3 ماہ جیل میں گزارے ۔29 جنوری 2015ء کو یہ اعلان کیا گیا کہ عامر کو ڈومیسٹک کرکٹ میں جلد واپسی کی اجازت دی جائے گی۔ حالاں کہ ان کی اصل پابندی 2 ستمبر 2015ء کو ختم ہونے والی تھی۔
اگست 2018ء میں، وہ اُن 33 کھلاڑیوں میں سے ایک تھے جنھیں پاکستان کرکٹ بورڈ (PCB) نے 2018-19ء کے سیزن کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ سے نوازا تھا۔ 26 جولائی 2019ء کومحدود اوورز کی کرکٹ پر توجہ مرکوز کرنے کے لیے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ 17 دسمبر 2020ء کوبین الاقوامی کرکٹ سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔