’’پٹھان‘‘ دو ماہ کے دوران میں ریکارڈ کمائی کرنے والی اب تک کی دوسری بالی ووڈ فلم بن گئی۔ ریکارڈ کمائی کے بعد شاہ رخ خان کی فلم نے عامر خان کی ’’پی کے‘‘ اور ’’سیکریٹ سپر سٹار‘‘، سلمان خان کی ’’سلطان‘‘ اور ’’بجرنگی بھائی جان‘‘ جب کہ رنبیر کپور کی ’’سنجو‘‘ کو بھی کمائی میں پیچھے چھوڑ دیا۔
’’پٹھان‘‘ نے 8 مارچ تک دنیا بھر سے مجموعی طور پر 1 ہزار 43 کروڑ روپے کی کمائی کی ہے، جس کے بعد یہ اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی دوسری فلم بن گئی ہے۔
شاہ رخ خان کی یہ پہلی فلم ہے، جس نے ان کے 30 سالہ کیرئیر میں ریکارڈ کمائی کی ہے۔ ’’پٹھان‘‘ سے کمائی کے لحاظ سے اب صرف عامر خان کی فلم ’’دنگل‘‘ آگے ہے، جسے 2016ء میں ریلیز کیا گیا تھا اور اس کی اب تک کی کمائی 1968 کروڑ ڈالر ہے، یعنی اس کی کمائی ’’پٹھان‘‘ سے تقریباً دُگنی ہے۔
واضح رہے کہ ’’دنگل‘‘ کی کمائی 7 سال کی ہے جب کہ ’’پٹھان‘‘ کی کمائی محض 43 دن کی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اگلے دو ماہ میں ’’پٹھان‘‘ کمائی کے لحاظ سے’’دنگل‘‘ کو پیچھے چھوڑ دے گی۔
اب دیکھتے ہیں کہ اونٹ کس کروٹ بیٹھتا ہے۔
(بہ حوالہ ’’ڈائجسٹ‘‘، روزنامہ آج، 9 مارچ 2023ء)