وکی پیڈیا کے مطابق قوم پرست، نڈر اور اُصول پسند سیاست دان ’’خان عبدالولی خان‘‘ المعروف ’’ولی خان‘‘ 11 جنوری 1917ء کو ضلع چارسدہ میں اتمانزئی کے مقام پر پیدا ہوئے۔
خان عبدالغفار خان کے بیٹے تھے۔ ولی خان نے اپنی سیاسی زندگی کا آغاز ’’خدائی خدمتگار تحریک‘‘ میں شمولیت سے کیا۔ اس کے علاوہ ’’نیپ‘‘ اور ’’اے این پی‘‘ کے بھی صدر منتخب ہوئے۔ اپنی سیاسی زندگی کے دوران میں کئی مرتبہ پابندِ سلاسل بھی ہوئے۔ قید کے دوران میں ایک کتاب ’’فیکٹس آر فیکٹس‘‘ بھی لکھی۔
ولی خان پر تمام سیاسی زندگی کے دوران میں پاکستان مخالف ہونے کا الزام لگتا رہا جس کی وجہ سے کئی مبصرین کے مطابق وہ ملکی سطح پر عوامی رہنما کی حیثیت حاصل نہیں کرسکے، لیکن اس بات پر آج سب لوگ متفق نظر آتے ہیں کہ ولی خان ایک نڈر اور اصول پسند سیاست دان تھے۔
1990ء میں مولانا حسن جان کے ہاتھوں عام انتخابات میں شکست کے بعد عملی سیاست کو خیر آباد کَہ دیا۔ پشتون سیاست پر اَن مٹ نقوش چھوڑے اور قوم پرستی کا ثبوت دیتے ہوئے اپنی قوم کے مفادات پر کبھی کوئی سمجھوتا نہیں کیا۔
26 جنوری 2006ء کو طویل علالت کے بعد کومہ میں انتقال کرگئے۔ وصیت کے مطابق آبائی گھر ’’ولی باغ‘‘ میں دفنائے گئے۔