وکی پیڈیا کے مطابق دانش پربھا شنکر کنیریا (Danish Parabha Shankar Kaneria) مشہور سابقہ پاکستانی کرکٹر، 16 دسمبر 1980ء کو کراچی، پاکستان میں پیدا ہوئے۔
2000ء اور 2010ء کے درمیان پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم کے لیے کھیلے۔ پاکستان کے لیے سب سے زیادہ ٹیسٹ وکٹیں لینے والے باؤلرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر ہیں۔ صرف فاسٹ بولرز وسیم اکرم، وقار یونس اور عمران خان ان سے آگے ہیں۔ کنیریا، انیل دلپت کے بعد دوسرے ہندو اور بین الاقوامی کرکٹ میں پاکستان کی نمایندگی کرنے والے ساتویں غیر مسلم تھے۔
کنیریا نے پاکستان کے لیے 61 ٹیسٹ میچ کھیلے اور 34.79 کی اوسط سے 261 وکٹیں لیں۔ صرف 18 ون ڈے میچوں میں 45 سے زاید کی اوسط سے 15 وکٹیں حاصل کیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں کنیریا کی ایک اننگز میں بہترین باؤلنگ کارکردگی 77 رنز کے عوض سات وکٹیں تھیں جب کہ ایک میچ میں ان کی بہترین کارکردگی 94 رنز کے عوض 12 وکٹیں تھیں۔ دو مواقع پر ایک میچ میں دس یا اس سے زیادہ وکٹیں حاصل کیں۔
اپنے کیریئر کے دوران میں 206 فرسٹ کلاس میچز، 167 لسٹ اے (LA) اور 65ٹی ٹوینٹی میچز کھیلے۔2004ء اور 2010ء کے دوران میں ایسیکس کاؤنٹی کرکٹ کلب کی نمائندگی کرتے ہوئے انگلش کاؤنٹی کرکٹ میں بھی کھیلے۔