وکی پیڈیا کے مطابق مختار مسعود (Mukhtar Masood) صاحبِ طرز نثر نگار، 15 دسمبر 1926ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔
مختار مسعود کی تاریخِ پیدایش اور جائے پیدایش کے بارے میں بہت مغالطے رہے ہیں۔ کسی نے ان کا سالِ پیدایش 1918ء لکھا، تو کسی نے 1928ء۔ کسی نے علی گڑھ کو ان کی جائے پیدایش قرار دیا، تو کسی نے گجرات (پنجاب)……لیکن پنجاب یونیورسٹی میں لکھے گئے ایک حالیہ تحقیقی مقالے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ مختار مسعود 15 دسمبر 1926ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے تھے۔
منفرد اُسلوب میں ان کی زبان کو بنیادی اہمیت حاصل ہے۔ فارسی اور اُردو ادب سے گہرا لگاؤ، نپی تلی نثر، جنچے ہوئے جملے ، احتیاط سے تراشی ہوئی ترکیبیں اور تاریخ و ادب کے حوالے ، اُن کی تحریر کو ایک امتیازی شان عطا کرتے ہیں۔ وہی شان، جو صاحبِ طرز اور صاحبِ اسلوب نثر نگاروں کی پہچان ہوتی ہے۔ پھر اس پر مستزاد اُن کا مدلل تجزیہ اور بے خوفی سے اُسے پیش کرنے کا دو ٹوک انداز۔ 2003ء میں ملنے والا ستارۂ امتیاز اُن کی امتیازی خصوصیات کا ایک چھوٹا سا اعتراف تھا۔