صرف ایک یتیم بچے کو پتا ہوتا ہے کہ باپ کے بغیر زندگی کتنی تلخ ہوتی ہے۔ خاص طور پر اگر یتیم بچہ غریب گھرانے کا ہو۔ رشتہ دار اس کی مدد اور سرپرستی کی استطاعت نہ رکھتے ہوں اور اس کو سر چھپانے کے لیے جانوروں کے باڑے میں یا کسی گھر کے گودام میں رہنا پڑتا ہو۔
میرے فرسٹ کزن نعیم اللہ نے ایسے 400 یتیموں کے لیے نہ صرف چھت فراہم کی ہے، بلکہ انھیں نئے جوتے، نئے کپڑے، عیدین، سالگرے اور دیگر تقریبات پر تحایف، بہترین، صاف ستھرا، نہایت آرام دہ رہایش، صبح ’’ماؤں‘‘ کے ذریعے انھیں سکول کے لیے تیار کرنے، بہترین سکولنگ اور یہاں تک کے اعلا تعلیم تک کے انتظامات کیے ہیں۔
اگر آپ کو میری بات مبالغہ لگتی ہے، تو آپ حق بجانب ہیں…… لیکن آپ ایک بار سوات میں ’’پرورش ہوم‘‘ (Parwarish Home) دیکھ لیں، تو میری طرح اپنے آنسوؤں کو قابو میں نہ رکھ سکیں گے۔
مَیں نے کئی بار ’’پرورش ہوم‘‘ کے بارے میں لکھنے کی کوشش کی…… لیکن لفظ اپنی کم مائیگی کی شکایت کرنے لگتے ہیں…… اور مجھے لگتا ہے کہ میرے پاس وہ الفاظ نہیں، جن سے ’’پرورش آرگنائزیشن‘‘ کی تعریف کرسکوں۔
60 کنال پر مشتمل ایک عظیم تعلیمی، رہایشی اور تربیتی منصوبے کی تکمیل ویسے بھی کوئی آسان کام نہیں…… لیکن”The Financial Action Task Force” (ایف اے ٹی ایف)قانون کے بعد سمندر پار سے آنے والی عطیات میں مزید مشکلات سامنے آگئی ہیں…… جن کی وجہ سے پرورش انتظامیہ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔
پرورش کا مالیاتی نظام نہایت شفاف ہے۔ ہر سال ’’تھرڈ پارٹی آڈٹ‘‘ ہوتا ہے۔ "Federal Board of Revenue” (ایف بی آر) سے ٹکس استثنا سند کی وجہ سے ٹیکس دہندہ گان اپنا واجب الادا ٹیکس یا اس کا کچھ حصہ سرکار کی بجائے براہِ راست پرورش کو دے سکتے ہیں، یہ بھی ان کے حسنِ انتظام کی ایک نشانی ہے۔
پرورش پر لکھنا ہو، تو پوری کتاب بھی کم ہے…… لیکن فی الحال اسی کو کافی سمجھ لیں اور وقت ہو تو میری بنائی ہوئی ویڈیو میری ’’فیس بُک وال‘‘ پر ضرور دیکھ لیں۔
پرورش کی مدد ایک انسانی، اسلامی اور قومی فریضہ ہے۔ اپنے زکات، صدقات، خیرات اور غمی خوشی میں اس ادارے کو یاد رکھیں، جو ہم سب کی نجات کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
قارئینِ کرام! رابطہ کے لیے پرورش کے ڈائریکٹر نعیم اللہ کا ’’وٹس ایپ‘‘ اور ایزی پیسہ نمبر ذیل میں درج کیا جاتا ہے:
03449224444
اس طرح عطیات کے لیے بنک الحبیب کا اکاؤنٹ نمبر یہ ہے: 55330081002681019
حبیب بنک اکاؤنٹ نمبر یہ ہے: 02217900841203
اور دونوں اکاونٹس کا ٹائٹل ہے: "Parwarish Organization”
…………………………………….
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔