وکی پیڈیا کے مطابق امریش پوری (Amrish Puri) مشہور بھارتی اداکار، 22 جون 1932ء کو پنجاب (متحدہ ہندوستان) میں پیدا ہوئے۔
بالی وڈ کے منفی رول کرنے والے مشہور اداکار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ اپنی فلمی زندگی کا آغاز 1971ء میں فلم ’’ریشما اور شیرا‘‘ سے کیا۔ آرٹ فلموں کے مشہور اداکار اوم پوری کے بھائی تھے۔ ابتدائی طور پر فلموں میں ہیرو کے طور پر کام کرنا چاہتے تھے۔ ہیرو کے طور پر اسکرین ٹیسٹ دیا مگر ناکام رہے۔ اس کے بعد پروڈیوسروں نے انہیں ولن کے روپ میں کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا۔ بالی وڈ میں فلمی ولن کے کردار کے طور پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا کئی برسوں تک منوایا۔ 1987ء میں بننے والی فلم ’’مسٹر انڈیا‘‘ میں اپنے ایک کردار ’’موگامبو‘‘ کی وجہ سے لازوال شہرت حاصل کی۔ ’’موگامبو خوش ہوا‘‘ ڈائیلاگ اُس دور میں بیشتر لوگوں کا نوکِ زباں تھا۔ 80ء اور 90ء کی دہائی میں فلم ’’ودھاتا‘‘، ’’پھول اور کانٹے‘‘ اور ’’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘‘ کے حوالے سے بھی خاصی شہرت حاصل کی۔ ’’ہلچل‘‘ اُن کی آخری بڑی فلم تھی۔ ’’وراثت‘‘، ’’گھاتک‘‘ اور ’’میری جنگ‘‘ میں بہترین اداکاری کے عوض ’’فلم فئیر ایوارڈ‘‘ حاصل کیے۔
ہالی وڈ کی متعدد فلموں میں بھی کام کیا جن میں 1984ء میں ہالی وڈ کے مشہور ہدایت کار ’’سٹیون سپیل برگ‘‘ کی فلم ’’انڈیانا جونز اینڈ دی ٹیمپل آف ڈوم‘‘ کے سبب انہیں بین الاقوامی سطح پر شہرت حاصل ہوئی۔ اس طرح ’’رچرڈ اٹین برا‘‘ کی فلم ’’گاندھی‘‘ میں ایک اہم کردار ادا کیا۔
12 جنوری 2005ء کو دماغ کی شریان پھٹ جانے کی وجہ سے بمبئی میں انتقال کرگئے۔