اس بات سے صرفِ نظر ممکن نہیں کہ 2018ء میں پی ٹی آئی حکومت کے قیام سے لے کر موجودہ سیاسی منظر نامے میں جماعت اسلامی وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس نے ایک نظریاتی سیاسی جماعت ہونے کا ثبوت دیا۔
حالیہ دنوں ملک میں سیاسی کشمکش جاری ہے۔ اکھاڑ پچھاڑ کا ایک بازار گرم ہے۔ کیا آزاد ارکانِ اسمبلی تو کیا منحرف، کیا اتحادی تو کیا حلیف…… سبھی نے وفاداریاں بدلنے، بکنے اور خرید و فروخت میں حصہ لیا اور اس طرح شہ سرخیوں کا موضوع بنے رہے۔ ایسے میں واحد جماعت، جماعتِ اسلامی ہے جو باوجود کم سیٹوں کے اپنے نظریے پر قایم رہی اور ہر موقع پر…… چاہے عدمِ اعتماد کی تحریک ہو، چاہے پی ڈی ایم کے جلسے جلوس اور کوششیں ہوں، جماعت نے اصولوں پر مبنی موقف اپنایا…… اور کسی اتحاد کا حصہ بنی۔ نہ بلاوجہ مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی اپنائی اور ہر فورم پر اپنا اصولی موقف پیش کیا۔ جماعت کی سیاست اور طرزِ سیاست سے لاکھ اختلاف سہی…… جماعت کی فکر اور تحریک سے اختلاف ممکن نہیں۔
دراصل جماعتِ اسلامی ایک سیاسی جماعت ہی نہیں، ایک فکری تحریک بھی ہے…… جس کا دایرہ صرف پاکستان تک محدود نہیں…… بلکہ دنیا بھر میں مسلمان اس تحریک سے وابستہ اور اس کی فکر کے ساتھ متفق ہیں۔ یہ الگ بات ہے کہ جماعت کی سیاسی پالیسیوں اور طریقۂ کار سے اختلاف کیا جاسکتا ہے…… اور کیا جاتا رہا ہے، مگر یہ امر بھی اپنی جگہ ایک حقیقت ہے کہ جماعت سے وابستہ افراد جب بھی حکومت کا حصہ بنے…… اور قوم کی خدمت کا موقع ملا، قوم نے ہمیشہ اُن کو مخلص اور دیانت دار پایا۔ شاید یہی وجہ ہے کہ موجودہ دور میں ہماری اصولوں سے زیادہ، بے اصولی، تعصب، منافرت اور چالبازی و مکاری میں لتھڑی سیاست میں جماعت کے حد درجہ خالص پن کو پنپنے میں مشکل کا سامنا ہے…… مگر اس کا حل جماعت نے یہ نکالا ہے کہ ایوانِ اقتدار سے دور رہ کر قوم کی خدمت کا فریضہ انجام دیا جا رہا ہے۔
جماعت کے زیرِ انتظام رفاہی اور فلاحی کاموں کا ایک منظم سلسلہ جاری ہے۔ صحت، تعلیم، یتیموں کی کفالت کے ساتھ ساتھ ہنگامی حالات میں جماعت نے ہمیشہ دیگر اداروں اور تنظیموں کو پیچھے چھوڑا ہے…… اور ہر مشکل گھڑی میں جماعت کے خدمت کے جذبے سے سرشار کارکن بڑھ چڑھ کر رضا کارانہ طور پر بحالی کے کاموں میں حصہ لیتے ہیں جس کا ایک زمانہ معترف ہے۔
جماعت کی خدمات کی ایک طویل فہرست ہے…… جن کا تذکرہ اس وقت موضوعِ سخن نہیں۔
آج جماعتِ اسلامی شاید واحد جماعت ہے جس کے کسی رہنما پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں…… جس نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاس داری کی بات کی ہے۔ حالیہ دنوں سود کے خلاف عدالتی فیصلہ جماعت کی مخلصانہ کوششوں اور جد و جہد کا نتیجہ ہے۔
………………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔