خورد برد (فارسی، اسمِ مونث) کا املا عام طور پر ’’خرد برد‘‘ لکھا جاتا ہے۔
’’فرہنگِ آصفیہ‘‘، ’’نوراللغات‘‘ اور ’’علمی اُردو لغت (متوسط)‘‘ کے مطابق دُرست املا ’’خورد برد‘‘ ہے جب کہ اس کے معنی ’’کھانا اُڑانا‘‘، ’’غبن‘‘، ’’خیانت‘‘، ’’بددیانتی‘‘، ’’بے جا تصرف‘‘، ’’رشوت‘‘ وغیرہ کے ہیں۔
اس طرح ’’خرد‘‘ (فارسی، اسمِ صفت) کے معنی ’’چھوٹا‘‘، ’’کم عمر‘‘، ’’کم قدر‘‘ وغیرہ کے ہیں۔ صاحبِ نور نے تو باقاعدہ طور پر ان الفاظ میں صراحت کی ہے: ’’چھوٹا۔ اس معنی میں بے واؤ (خُرد) لکھنا صحیح ہے۔‘‘
صاحبِ آصفیہ و نور دونوں نے ’’خورد برد‘‘ کے ذیل میں محاورہ ’’خورد برد کرنا‘‘ درج کیا ہے، نہ کہ ’’خرد‘‘ کے ذیل میں۔
اس طرح صاحبِ نور نے ’’خورد‘‘ کے تلفظ کے حوالے سے رقم کیا ہے: ’’ بروزنِ بُرد۔‘‘ اس سے واضح ہوا کہ ’’خورد‘‘ میں رقم ’’واو‘‘ دراصل ’’واوِ معدولہ‘‘ ہے۔