’’تہس نہس‘‘ (ہندی، اسمِ صفت) کا املا عام طور پر ’’تحس نحس‘‘ لکھا جاتا ہے۔
’’فرہنگِ آصفیہ‘‘، ’’نوراللغات‘‘ اور ’’علمی اُردو لغت (متوسط)‘‘ کے مطابق دُرست املا ’’تہس نہس‘‘ ہے جب کہ اس کے معنی ’’تہہ و بالا‘‘، ’’تباہ و برباد‘‘، ’’غارت‘‘، ’’برباد‘‘ وغیرہ کے ہیں۔
صاحبِ آصفیہ نے اس حوالے سے باقاعدہ طور پر صراحت ان الفاظ میں درج کی ہے: ’’بعض لوگ اس کا املا تحس نحس لکھتے ہیں اور یہ محض غلط املا ہے۔ کیوں کہ عربی میں تحس بمعنی غم زدہ اور نحس نامبارک آیا ہے جس سے یہاں کچھ تعلق نہیں۔ البتہ تہہ اور ناس سے مرکب خیال کرسکتے ہیں جس کے معنی جڑ بنیاد سے برباد ہونے کے صاف ظاہر ہیں۔‘‘