25 ستمبر، فیروز خان کا یومِ پیدائش

وکی پیڈیا کے مطابق فیروز خان (Feroz Khan) بالی ووڈ کے نامور اداکار 25 ستمبر 1939 ء کو بنگلور ہندوستان میں پیدا ہوئے۔
والد تنولی پٹھان جب کہ والدہ ایرانی نسل سے تعلق رکھتی تھیں۔ بنگلور سے بمبئی آئے، تاکہ فلموں میں کام کر سکیں۔فلمی کریئر کی ابتدا دوسرے درجے کی فلموں میں بطورِ معاون اداکار کے شروع کی۔ فلم ’’اونچے لوگ‘‘ میں ان کی اداکاری کو کافی سراہا گیا اور انہیں اوّل درجے کی فلمیں ملنے لگیں۔ فلم ’’آدمی اور انسان‘‘ میں بطورِ معاون اداکار پہلا ’’فلم فیئر ایوارڈ‘‘ حاصل کیا۔
اداکار ی کے مقابلہ میں بہ حیثیتِ ہدایت کار اور فلمساز زیادہ کامیاب تھے۔ 1980ء میں انہوں نے فلم قربانی بنائی۔ یہ ان کے کرئیر کی سب سے کامیاب اور باکس آفس ہٹ فلم تھی۔ اس میں پاکستانی گلوکارہ ’’نازیہ حسن‘‘ سے ایک گیت گوایا ’’آپ جیسا کوئی میری زندگی میں آئے، تو بات بن جائے‘‘ یہ نغمہ بہت ہی مقبول ہوا۔ اس فلم کے بعد کئی کامیاب فلمیں بنائیں۔ 1986ء میں ’’جانباز‘‘ بنائی۔ اس کے بعد فلم ’’دیا وان‘‘ جو بہت ہی مقبول ثابت ہوئی، اس میں ونود کھنہ کے ساتھ خود اداکاری بھی کی۔ ونود کھنہ کے ساتھ ان کی یہ دوسری کامیاب فلم تھی، پہلی ’’قربانی‘‘ تھی۔ فلم ’’یلغار‘‘ کے بعد انہوں نے فلمسازی سے بریک لے لیا۔
2000ء میں فلم فیئر نے ’’لائف ٹائم اچومنٹ ایوارڈ‘‘ سے بھی نوازا۔ شاہانہ زندگی گزارنے کے بعد پھیپھڑوں کے سرطان کی وجہ سے 27 اپریل 2009ء کو بنگلور میں انتقال کرگئے۔