22 جولائی، ڈاکٹر شائستہ اکرام اللہ کا یومِ پیدائش

وکی پیڈیا کے مطابق ڈاکٹر شائستہ سہروردی اکرام اللہ (Shaista Suhrawardy Ikramullah) اُردو کی نامور مصنفہ، تحریکِ پاکستان کی مشہور خاتون رہنما، پاکستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کی رکن اور سفارت کار 22 جولائی 1915ء کو کلکتہ (برطانوی ہندوستان) میں پیدا ہوئیں۔
لوریٹو کالج، کلکتہ سے تعلیم حاصل کی۔ والد حسان سہروری برطانوی وزیرِ ہند کے مشیر تھے۔ 1932ء میں شائستہ کی شادی مشہور سفارت کار محمد اکرام اللہ سے ہوئی جو قیامِ پاکستان کے بعد پاکستان کے سیکریٹری خارجہ کے عہدے پر فائز ہوئے۔ شادی سے پہلے شائستہ اختر سہروردی کے نام سے افسانہ لکھا کرتی تھیں۔ افسانے اُس زمانے کے اہم ادبی جرائد ہمایون، ادبی دنیا، تہذیبِ نسواں اور عالمگیر وغیرہ میں شائع ہوتے تھے۔ 1940ء میں لندن یونیورسٹی سے ناول نگاری کے موضوع پر پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ مذکورہ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کرنے والی پہلی ہندوستانی خاتون تھیں۔ ان کے تحقیقی مقالے کا موضوع ’’اردو ناول اور افسانے کی ترقی‘‘ تھا، جس میں اُردو اب کا ناقدانہ جائزہ لیا۔ حکومتِ پاکستان نے ان کی خدمات کے اعتراف کے طور پر نشان امتیاز کا اعزاز عطا کیا۔
10 دسمبر 2000ء کو متحدہ عرب امارات میں وفات پاگئیں۔ کراچی میں حضرت عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں سپردِ خاک کی گئیں۔