سابق صدر جان ٹیلر کی شریکِ حیات جولیا ٹیلر ’’فرسٹ لیڈی‘‘ کم اور ’’سلیبرٹی‘‘ زیادہ تھیں۔ جان ٹیلر نے پہلی بیوی کی وفات کے بعد ان سے شادی کی تھی۔ انہیں اپنے دور کی ’’ماڈل کم کردشیان‘‘ کہا جاتا تھا۔ انہوں نے شادی کی ایک تصویر کا ٹائٹل رکھا ’’صدر کی شریکِ حیات۔‘‘ شادی کی یہ یادگار تصویر مہنگے داموں بک گئی، تاکہ عوام بھی شریکِ حیات کی خوبصورت تصویر سے محظوظ ہوسکیں۔
جولیا ٹیلر پہلی خاتونِ اول تھیں جن کا نامِ گرامی اخبارات کی سرخیوں میں ’’ماڈلنگ‘‘ کی وجہ سے پہلے ہی شائع ہو رہا تھا۔ اخبارات ان کے ملبوسات کے ڈیزائن، زیورات اور میک اَپ پر تبصروں سے بھرے ہوتے تھے۔ عوامی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ لوگ ان سے سفارشیں کرانے لگے تھے۔
(صہیب مرغوب کے ایک تحقیقی مقالے ’’ امریکہ کی انوکھی خواتینِ اول‘‘ سے انتخاب)