1 فروری، جب آکسفورڈ ڈکشنری کا پہلا نسخہ شائع ہوا

معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "timeanddate.com” کے مطابق یکم فروری 1884ء کو انگریزی کی اہم ترین لغت "Oxfird Dictionary” کا پہلا نسخہ زیورِ طبع سے آراستہ ہوا۔
وکی پیڈیا کے مطابق ’’آکسفورڈ ڈکشنری‘‘ انگریزی زبان کا ایک تاریخی، معیاری اور اساسی لغت ہے جسے اوکسفورڈ یونیورسٹی پریس شائع کرتا ہے۔ 1857ء ہی میں اس پر کام شروع ہو چکا تھا۔ 1895ء میں لغت کے سرورق پر پہلی دفعہ غیر رسمی طور پر ’’دی آکسفورڈ ڈکشنری‘‘ لکھا گیا۔ 1928ء میں مکمل لغت 10 جلدوں میں شائع ہوا۔ 1933ء میں باضابطہ طور پر اس کا نام ’’دی آکسفورڈانگلش ڈکشنری‘‘ رکھ دیا گیا۔ اس ایڈیشن میں کل بارہ جلدیں تھیں اور ایک اضافی ضمیمہ بھی تھا۔ 1989ء میں دوسرا ایڈیشن شائع ہوا مگر اس دوران میں کئی اضافی ضمیمے بھی شائع ہو چکے تھے۔2000ء سے لغت کے تیسرے ایڈیشن پر کام جاری ہے۔
1988ء میں لغت کا پہلا برقی نسخہ شائع کیا گیا۔ 2000ء میں آن لائن نسخہ بھی منظرِ عام پر آیا۔ اپریل 2014ء کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 2 ملین ماہانہ صارفین اس لغت سے استفادہ کرتے ہیں۔ تیسرا ایڈیشن برقی صورت میں ہی شائع ہوگا۔ اکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے چیف ایگزیکیوٹو نے کہا ہے کہ تیسرے ایڈیشن میں ورقی نسخہ کی طباعت کی امید کم ہی معلوم ہوتی ہے۔