نرگسیت

نرگسیت (Narcissism) بنیادی طور پر علمِ نفسیات کی اصطلاح ہے، جس سے خود پرستی، محویت یا ذات مراد ہے۔ خود اپنی ہر ہر ادا پر سو سو جاں سے فدا ہونا ’’نرگسیت‘‘ ہے۔ خود ہی محب خود ہی محبوب، گویا
’’پیشِ نظر ہے آئینہ دائم نقاب میں‘‘
کی کیفیت ہوتی ہے۔ اپنی ذات میں اس قدر محو رہنا کہ بیرونِ ذات ہیچ لگے۔
نفسیات میں نرگسیت بیماری بھی ہے اور علاج بھی۔
تنقیدِ ادب نے یہ اصطلاح ایسے فن کاروں کے لیے استعمال کی ہے جو خود پرستی کی قابلِ رحم حالت میں مبتلا ہوں۔ خود پسندی، انانیت اور تعلی نرگسیت ہی کے مظاہر ہیں۔ فن کار میں پرستشِ ذات اور انانیت کی سطح عمومی انسانوں سے بلند تر ہوتی ہے۔
(پروفیسر انور جمال کی تصنیف ’’ادبی اصطلاحات‘‘ مطبوعہ نیشنل بُک فاؤنڈیشن، صفحہ نمبر 171 سے انتخاب)