یہ ہیں انسانیت کی داستان رقم کرنے والے پولیس اہلکار

ان سے ملئے، یہ دونوں کوئی عام لوگ نہیں، بلکہ انسانیت کی داستان رقم کرنے والے خصوصی توجہ کے حامل پولیس اہلکار ہیں۔
معلوماتِ عامہ کے حوالہ سے انگریزی کی مشہور ویب سائٹ "wtffunfact.com” کے مطابق تصویر میں نظر آنے والے ان پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی جہاں پر تھی، وہاں ایک خاتون "Hypoglycemia” یعنی (Low bloodsugar) کی وجہ سے ہسپتال منتقل کی گئی۔ گھر میں پانچ چھوٹے بچوں کا خیال رکھنے کے ساتھ ساتھ ان کے لیے رات کا کھانا بھی تیار کرنا تھا۔ دونوں اہلکاروں نے بچوں کو ماں کی بیماری اور ہسپتال کی منتقلی کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔ باورچی خانہ کا رُخ کرکے نہ صرف بچوں کے لیے مزیدار کھانا تیار کیا، بلکہ انہیں کھلانے پلانے کے بعد برتن بھی دھوئے۔
اس حوالہ سے "people.com” میں لکھاری "LINDSAY KIMBLE” کی شائع شدہ سٹوری کے مطابق دونوں پولیس آفیسرز کا تعلق نیدرلینڈز (Netherlands) سے ہے، جنہیں مذکورہ پانچ بچوں کی ماں نے فون کرکے بتایا تھا کہ وہ ’’لُو بلڈشوگر‘‘ کی وجہ سے ہسپتال جا رہی ہے اور گھر پر بچوں کے ساتھ کوئی نہیں ہے۔ جب دونوں نوجوان پولیس اہلکار گھر پہنچے، تو انہیں پتا چلا کہ بچے بھوکے تھے۔ پہنچتے ہی بچوں کی بھوک مٹانے کے لیے دونوں اہلکاروں نے انڈے فرائی کیے اور ساتھ سینڈوچ بھی بنائے۔ بعد میں دونوں نوجوان پولیس اہلکاروں نے وہ برتن بھی دھولیے جس میں بچوں کو ذکر شدہ اشیا تیار کرکے کھلائی گئی تھیں۔
مؤخر الذکر سٹوری کے مطابق جب پولیس اہلکاروں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’’فیس بُک‘‘ پر اپنی ان خدمات کی تصویر مختصر سی وضاحت کے ساتھ شیئر کی، تو 95 ہزار لوگوں نے اسے پسند کیا۔ اس کے علاوہ تصویر پر اور اس اچھے کام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار سیکڑوں تبصروں کی صورت میں کیا گیا۔