7 ستمبر، بابا اشفاق احمد کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق بابا اشفاق احمد 7 ستمبر 2004ء کو کوچ کرگئے۔ 22 اگست 1925ء کو ہندوستان کے شہر ہوشیار پور کے ایک چھوٹے سے گاؤں خان پور میں ڈاکٹر محمد خان کے گھر پیدا ہوئے تھے۔
بیک وقت اُردو زبان کے مشہور و معروف افسانہ نگار، ڈراما نویس، ناول نگار، مترجم اور براڈ کاسٹر تھے۔ آپ کا ڈراما سیریل ’’ایک محبت سو افسانے‘‘ پاکستان ٹیلی وژن کی لازوال ڈراما سیریلز میں سے ایک ہے۔
1953ء میں آپ کا افسانہ ’’گڈریا‘‘ آپ کی شہرت کا باعث بنا۔ آپ نے اردو میں پنجابی الفاظ کا تخلیقی طور پر استعمال کیا اور ایک خوبصورت شگفتہ نثر ایجاد کی جو آپ ہی کا وصف سمجھی جاتی ہے۔ اردو ادب میں کہانی لکھنے کے فن پر اشفاق احمد کو جتنا عبور تھا، وہ کم لوگوں کے حصہ میں آیا۔
’’ایک محبت سو افسانے‘‘ اور ’’اُجلے پھول‘‘ آپ کے ابتدائی افسانوں کے مجموعے ہیں۔ بعد میں ’’سفردر سفر‘‘ (سفرنامہ)، ’’کھیل کہانی‘‘ (ناول)، ’’ایک محبت سو ڈرامے‘‘ (ڈراما سیریز) اور ’’توتا کہانی‘‘ (ڈراما سیریز) ان کی نمایاں تصانیف ہیں۔