14 مارچ، چاکلیٹ ہیرو عامر خان کا یومِ پیدائش

14 مارچ کو انڈین سٹار عامر خان پیدا ہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق 14مارچ 1965ء کو مشہور بھارتی اداکار، فلمساز اور سکرپٹ رائٹر عامر خان نے طاہر حسین کے گھر آنکھ کھولی۔ 1973ء میں اپنے چچا ناصر حسین کی فلم ’’یادوں کی بارات‘‘ میں چائلڈ سٹار کے طور پر پہلی مرتبہ پردہ سکرین پر نمودار ہوئے۔ گیارہ سال بعد فلم ’’ہولی‘‘ میں کام کیا، مگر انہیں فلمی دنیا میں کامیابی اور پذیرائی ان کے کزن منصور خان کی فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ سے ملی جو 1988ء میں ریلیز ہوئی۔ اس فلم میں انہیں بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ ملا۔
وکی پیڈیا کے مطابق 90ء کی دہائی میں اُن کی کئی مشہور فلمیں ریلیز ہوئیں جن میں ’’راجہ ہندوستانی‘‘ ، ’’سرفروش‘‘، ’’بازی‘‘ اور ’’عشق‘‘ وغیرہ شامل تھیں۔ 2000ء کے بعد ان کی اداکاری میں ایک بہت بڑی تبدیلی واقع ہوئی، جب انہوں نے ’’لگان‘‘ فلم میں کام کیا۔ لگان کو آسکر کے لیے بھی نامزد کیا گیا۔ لگان کے بعد انہوں نے کئی سپر ہٹ فلموں میں کام کیا جن کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی ان فلموں میں ’’منگل پانڈے‘‘، ’’تارے زمیں پر‘‘، ’’گجنی‘‘ اور ’’تھری ایڈیٹس‘‘ شامل ہیں۔ عامر خان نے ان فلموں میں حقیقی زندگی کی تصویریں پیش کرنے کی کوشش کی۔ خاص طور پر ’’تارے زمین پر‘‘ اور ’’تھری ایڈیٹس‘‘ تدریسی نظام میں موجود خرابیوں کی نشاندہی کے حوالے سے بہترین فلمیں تصور کی جاتی ہیں۔ ان کی فلمیں عام اور کمرشل موضوعات سے ہٹ کر ہوتی ہیں۔
آپ کی نجی زندگی کچھ یوں ہے:’’80ء کی دہائی کے آخر میں عامر خان نے رینا دت سے شادی کی، مگر ایک غیر مسلم کو ان کے خاندان نے بطور بہو تسلیم کرنے سے انکار کر دیا۔ یوں ابتدا میں ان کی یہ شادی خفیہ رہی۔ رینا سے عامر خان کے دو بچے ہیں ایک بیٹا اور ایک بیٹی۔ سنہ 2002ء میں عامر خان اور رینا کے درمیان طلاق ہوئی۔ 2005ء میں عامر خان نے کرن راؤ سے شادی کی جو اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر لگان میں کام کر چکی تھی۔ عامر خان زیادہ تر اپنی فلموں پر توجہ دینے کے لیے مشہور ہیں۔ اس لیے وہ اشتہارات اور ایوارڈ شوز میں نظر نہیں آتے۔‘‘