’’مرآت‘‘ (عربی، اسمِ مذکر) کا املا عام طور پر ’’مرأت‘‘ یا پھر ’’مراَت‘‘ لکھا جاتا ہے۔
’’نوراللغات‘‘ اور ’’علمی اُردو لغت (متوسط) ‘‘ کے مطابق دُرست املا ’’مرآت‘‘ ہے جب کہ اس کے معنی ’’آئینہ‘‘، ’’شیشہ‘‘ اور ’’آرسی‘‘ کے ہیں۔
’’مرآت‘‘ کے املا کے حوالے سے صاحبِ نور نے ان الفاظ میں صراحت کی ہے: ’’بسکونِ را و الف غلط و بالفِ ممدودہ صحیح۔‘‘
رشید حسن خان نے بھی اپنی کتاب ’’اُردو املا‘‘ (مطبوعہ زُبیر بکس، اشاعت 2015ء) کے صفحہ نمبر361 پر املا ’’مرآت‘‘ہی درج کیا ہے۔ نیز ان الفاظ میں صراحت کی ہے: ’’ایک لفظ ہے: مرآت، بروزنِ مشکات، اس کے معنی ہیں: آئینہ، آرسی۔ اس کو کبھی ’’مرأت‘‘ اور کبھی مراَت‘‘ بھی لکھ دیا جاتا ہے۔ اس کا صحیح املا ’’مرآت‘‘ ہے۔‘‘