ارسطو کون تھا؟

ارسطو شمالی یونان کے شہر اسٹیگرا میں 384 قبل مسیح میں پیدا ہوا۔ اس کا باپ شاہی طبیب تھا۔
ابتدائی تعلیم اپنے والد سے حاصل کی، مگر دس سال کی عمر میں اس کے والد کا انتقال ہوگیا، تو یہ اپنے والد کے ایک رشتہ دار کی سرپرستی میں آگیا۔ 18 سال کی عمر میں یہ افلاطون کی اکیڈمی میں داخل ہوا اور 37 سال کی عمر تک وہیں رہا۔ اس کے بعد اس نے "لائسم” کے نام سے اپنی اکیڈمی بنائی۔
سکندرِ اعظم بھی ارسطو کا شاگرد تھا۔ سکندرِ اعظم نے تقریباً تین سال تک ارسطو سے تعلیم و تربیت حاصل کی۔
ارسطو علمِ طب، علمِ حیوانیات، ریاضی، علم ہئیت، سیاسیات، طبعیات اور علمِ اخلاقیات میں اعلیٰ مقام رکھتا تھا۔ اسی لیے اسے اپنے دور کا سائنس دان بھی کہتے ہیں۔ کیوں کہ جب تک نیوٹن روئے زمین پر نہیں آیا تھا، فزکس کے بنیادی اصول و ضوابط ارسطو کے تشکیل کردہ ہی چلتے رہے۔
(خاور نیازی کے ایک تحقیقی مقالہ سے اقتباس)