وکی پیڈیا کے مطابق آزادیِ ہند کے لیے پہلی گولی چلانے والے منگل پانڈے 19 جولائی 1827ء کو مشرقی اتر پردیش کے ضلع بلیا کے گاؤں ’’نگوا‘‘ میں پیدا ہوئے۔
آپ ہندوستان کی تحریک آزادی کی عملی طور پرابتدا کرنے اور برطانوی نو آبادیات کو للکارنے والے پہلے شخص تھے۔ آپ کی اولاد اور رشتہ دار اب بھی نگوا میں رہائش پذیر ہیں۔کچھ حوالوں میں آپ کی جائے پیدئش یوپی کے ضلع فیض آباد کا شہر اکبر آباد بھی درج ہے۔
1849ء میں 22 سال کی عمر میں منگل پانڈے وسطی بھارت کی فوجی کمپنی ’’بنگال انفنٹری‘‘ کی چونتیسویں رجمنٹ میں بحیثیتِ سپاہی بھرتی ہوئے۔ 1853ء میں فوجی ملازمت کے دوران میں انگریزوں سے نفرت اور جذبۂ آزادی کی تمنا جاگی۔آپ نے آزادی کے لیے پہلی گولی چلائی۔
منگل پانڈے نے انگریز فوجیوں پر حملے کیے ۔ آپ نے 29مارچ 1857ء کو ایک انگریز سارجنٹ اور اجونٹنٹ کو زخمی کیا۔ اس کی وجہ یہ تھی کی فوج میں استعمال ہونے والی P-53 رائفل میں جو کارتوس استعمال کیے جاتے تھے۔ انہیں استعمال سے پہلے ان کے فیتوں کو دانتوں سے کھینچا جاتا تھا۔ اس میں گائے اور سور کی چربی لگی ہوتی تھی، جو مذہبی طور پر مسلمانوں اور ہندوؤں کے لیے کسی طور پر قابلِ قبول نہیں تھی۔ یہی بات منگل پانڈے کے غصے کا سبب بنی۔ منگل پانڈے کا تعلق برہمن گھرانے سے تھا۔
جبل پور کے عجائب خانے کے ریکارڈ کے مطابق منگل پانڈے کو 18 اپریل1857ء میں کلکتہ کے قریب بارک پور چھاؤنی میں پھانسی دی گئی۔