30 اکتوبر، میراڈونا کا یومِ پیدائش

وکی پیڈیا کے مطابق فٹ بال کی دنیا کا عظیم نام میرا ڈونا 30اکتوبر 1960ء کو ارجنٹائن میں پیدا ہوئے۔آپ کا پورا نام ’’ڈیاگو ارمانڈو میراڈونا‘‘ (Diego Armando Maradona) ہے۔
میرا ڈونا کو بیک وقت فٹ بال کی تاریخ کے عظیم ترین اور متنازع ترین کھلاڑیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔
آپ ارجنٹائن کے دار الحکومت بیونس آئرس کے نواحی قصبے ویلا فیوریتو کے ایک غریب گھرانے سے تعلق رکھتے تھے ۔ آپ نے اپنے پیشہ ورانہ دور میں بوکا جونیئرز، ایف سی بارسلونا اور ایس ایس سی ناپولی کے لیے مختلف اعزازات حاصل کیے۔ اپنے بین الاقوامی دور میں آپ نے 91 مقابلوں میں شرکت کی اور 34 گول کیے ۔
آپ نے 1982ء، 1986ء، 1990ء اور 1994ء کے فٹ بال عالمی کپ مقابلوں میں شرکت کی۔
فیفا کے ’’صدی کے بہترین کھلاڑی‘‘ کے لیے کرائے گئے پول میں آپ 53.6 فیصد ووٹوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہے ۔ برازیل کے اعتراضات کے بعد فیفا نے فٹ بال ماہرین کی ایک کمیٹی مقرر کر دی جس نے ’’پیلے‘‘ کو صدی کا بہترین کھلاڑی قرار دیا۔ میراڈونا نے اس فیصلے کے خلاف احتجاجاً فیفا کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی دھمکی دی۔ بالآخر فیفا نے دو اعزازات دیے، میراڈونا اپنا انعام لے کر چل دیے اور پیلے کو اعزاز سے نوازنے کا انتظار نہ کیا۔