محکمۂ کھیل خیبر پختون خوا کے ریجنل سپورٹس آفس (سوات) ملاکنڈ ڈویژن کی دو قیمتی سرکاری گاڑیاں 6 ماہ سے پُراَسرار طور پر غائب ہیں۔ دونوں سرکاری گاڑیاں جن میں ایک ہنڈا اور ایک سوِفٹ (Swat A 3000) ہے، 22 مارچ 2023ء سے غائب ہیں۔ ریجنل سپورٹس آفس ملاکنڈ ڈویژن کے دفتر میں یہ گاڑیاں سرے سے موجود ہی نہیں۔
فیاض ظفر کی دیگر تحاریر پڑھنے کے لیے نیچے دیے گئے لنک پر کلک کیجیے:
https://lafzuna.com/author/fayaz-zafar/
اس سلسلے میں محکمۂ کھیل کا موقف جاننے کے لیے ریجنل سپورٹس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن شکیل احمد سے رابطہ کیا گیا، تو اُنھوں نے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ مارچ 2023ء میں اُن کا تبادلہ سوات (ملاکنڈ ڈویژن) ہوا، لیکن اِس وقت سے یہ دونوں سرکاری گاڑیاں دفتر میں موجود نہیں اور نہ دفتر کے سٹاف کو ان کے بارے میں علم ہی ہے۔ اُنھوں نے کہا کہ اُن سے پہلے جو ریجنل سپورٹس آفیسر تھے، شائد اُن کو اِس بارے کچھ علم ہو۔
اِس بارے میں سابق ریجنل سپورٹس آفیسر ملاکنڈ ڈویژن کاشف فرحان، جو اِس وقت پشاور میں تعینات ہیں، سے اُن کے موبائل نمبر پر رابطہ کیا گیا، تو اُنھوں نے مذکورہ غائب گاڑیوں سے لاعلمی کا اظہار کیا۔ نیز اُنھوں نے مشورہ دیا کہ اِس بارے میں ریجنل سپورٹس آفس سوات (ملاکنڈ ڈویژن) سے رابطہ کرکے معلومات حاصل کی جائیں۔