رہن (گروی رکھنے) کے ضروری مسائل

رہن (گروی رکھنے) کے مسائل سمجھنے سے قبل پہلے تین اصطلاحات سمجھ لیں:٭ جو شخص کوئی سامان گروی رکھ کر کوئی چیز خریدتا ہے یا قرض لیتا ہے، اس کو ’’راہن‘‘ کہتے ہیں۔ ٭ جس شخص کے پاس کوئی سامان گروی رکھا جائے، اسے ’’مرتہن‘‘ کہتے ہیں۔ ٭ جو سامان گروی رکھا جائے اسے ’’مرہون‘‘ کہتے ہیں۔
مثلاً ایک شخص نے ایک ہزار روپیہ کے چاول خریدے اور ایک ماہ میں پیسوں کی ادائیگی تک گروی میں ایک گھڑی رکھ دی، تو گھڑی گروی رکھ کر چاول خریدنے والا ’’راہن‘‘ ہوا، گھڑی اپنے پاس گروی رکھ کر چاول بیچنے والا ’’مرتہن‘‘ ہوا اور گھڑی ’’مرہون‘‘ ہوئی۔ اسی طرح زید نے عمر سے ایک لاکھ روپئے قرض لیے اور قرض کی ادائیگی کی ضمانت کے لیے اپنا سونا گروی رکھا،تو قرض کی ادائیگی کے لیے گروی رکھا ہوا سونا ’’مرہون‘‘ ہوا، زید ’’راہن‘‘ جب کہ عمر ’’مرتہن‘‘ ہے۔
رہن کے لغوی معنی مطلق روکنے کے ہیں۔ شرعی اصطلاح میں اپنے کسی حق مثلاً قرض وغیرہ کے عوض میں قرض دار کی ایسی چیز روک لینے کو ’’رہن‘‘ کہتے ہیں کہ جس کے ذریعہ وہ اپنا قرض وصول کرسکے۔ راہن ومرتہن میں زبان سے معاملہ طے ہونے کے بعد گروی میں رکھی جانے والی چیز مرتہن کے قبضہ میں آجانے سے رہن لازم ہوجاتا ہے، یعنی جب تک مرتہن نے مرہون (گروی میں رکھا ہوا سامان) کو اپنے قبضہ میں نہ لیا ہو، راہن کو رہن سے پھر جانا اور اس معاملہ کو ختم کرنا جائز ہے۔ لیکن قبضہ کے بعد یعنی راہن نے چاول یا پیسے حاصل کرلیے اور مرتہن نے گروی میں رکھا ہوا سامان مثلاً گھڑی پر قبضہ کرلیا، تو اب راہن کو معاملہ ختم کرنے کا حق حاصل نہیں ہے۔ یعنی اب اس کو چاول کی قیمت یا قرض میں لی ہوئی رقم کی واپسی پر ہی گروی میں رکھا ہوا سامان واپس ملے گا۔
رہن یعنی گروی رکھ کر کوئی معاملہ طے کرنا قرآن وحدیث واجماعِ امت تینوں سے ثابت ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن کریم میں ارشاد فرماتا ہے: ’’فَرِہَانٌ مَّقْبُوْضَۃٌ‘‘ اگر تم سفر میں ہواور تمہیں کوئی لکھنے والا نہ ملے، تو (ادائیگی کی ضمانت کے طور پر) رہن قبضے میں رکھ لیے جائیں۔
حضور اکرمؐ کے عمل سے بھی رہن ثابت ہے۔آپؐ نے ’’جو‘‘ (Barley) خریدنے کے لیے اپنی زرہ مدینہ منورہ میں ایک یہودی کے پاس گروی رکھی تھی۔ (بخاری ومسلم)
حضراتِ صحابہ کرام بھی حضور اکرمؐ کی موجودگی میں رہن کے معاملات کیا کرتے تھے اور آپؐ نے اُن کو منع نہیں فرمایا۔ غرض یہ کہ پوری امتِ مسلمہ کا اتفاق ہے کہ چند شرائط کے ساتھ حضر وسفر دونوں میں رہن (گروی) رکھ کر کوئی معاملہ طے کیا جاسکتا ہے۔
قارئین، رہن بھی قرض کی ایک شکل ہے۔ اور قرض لیتے اور دیتے وقت ہمیں ان احکام کی پابندی کرنی چاہیے جو اللہ تعالیٰ نے سورۂ البقرہ کی آیت 282 میں بیان کیے ہیں۔ اس آیت میں قرض کے احکام ذکر کیے گئے ہیں۔ ان احکام کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ بعد میں کسی طرح کا کوئی اختلاف پیدا نہ ہو۔ ان احکام میں سے ایک حکم یہ بھی ہے کہ قرض کی ادائیگی کی تاریخ متعین کرلی جائے۔
سب سے قبل ایک تمہیدی بات ذہن نشین کر لیں کہ اگر کوئی شخص کسی خاص ضرورت کی وجہ سے قرض مانگتا ہے، تو قرض دے کر اس کی مدد کرنا باعث اجروثواب ہے۔ جیساکہ قرآن وحدیث کی روشنی میں علمائے کرام نے تحریر فرمایا ہے کہ ضرورت کے وقت قرض مانگنا جائز ہے اور اگر کوئی شخص قرض کا طالب ہو، تو اس کو قرض دینا مستحب ہے۔ کیوں کہ شریعت اسلامیہ نے قرض دے کر کسی کی مدد کرنے میں دنیا وآخرت کے بہترین بدلہ کی ترغیب دی ہے، لیکن قرض دینے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنے دنیاوی فائدہ کے لیے کوئی شرط نہ لگائے۔ مثلاً ایک لاکھ کے بدلے ایک لاکھ بیس ہزار روپیہ کی ادائیگی کی شرط لگانا جائز نہیں۔ البتہ وہ اپنی رقم کی ادائیگی کی ضمانت کے لیے کسی چیز کے گروی رکھنے کا مطالبہ کرسکتا ہے۔
قرض لینے والے کے لیے ضروری ہے کہ وہ ہر ممکن کوشش کرکے وقت پر قرض کی ادائیگی کرے۔ اگر متعین وقت پر قرض کی ادائیگی ممکن نہیں ہے، تو اس کے لیے ضروری ہے کہ اللہ تعالیٰ کا خوف رکھتے ہوئے قرض دینے والے سے قرض کی ادائیگی کی تاریخ سے مناسب وقت قبل مزید مہلت مانگے۔ مہلت دینے پر قرض دینے والے کو اللہ تعالیٰ اجرِعظیم عطا فرمائے گا، لیکن جو حضرات قرض کی ادائیگی پر قدرت رکھنے کے باوجود اس عمل میں کوتاہی کرتے ہیں، ان کے لیے نبی اکرمؐ کے ارشادات میں سخت وعیدیں وارد ہوئی ہیں۔ حتی کہ آپؐ ایسے شخص کی نمازِ جنازہ پڑھانے سے منع فرمادیتے تھے، جس پر قرض ہو۔ یہاں تک کہ اس کے قرض کو ادا کردیا جائے۔
اسلامی تعلیمات میں ایک اچھے معاشرہ کو وجود میں لانے کی بار بار ترغیب دی گئی ہے اور ظاہر ہے کہ اچھا معاشرہ ایک دوسرے کے کام آنے سے ہی وجود میں آسکتا ہے۔ چناں چہ شریعتِ اسلامیہ نے ضرورت کے وقت ایک دوسرے کی مدد کرنے کی ترغیب دی ہے، جیسا کہ ارشاد نبوی ہے: ’’جس شخص نے کسی مسلمان کی کوئی بھی دنیاوی پریشانی دور کی، اللہ تعالیٰ قیامت کے دن اس کی پریشانیوں کو دور فرمائے گا۔ جس نے کسی پریشان حال آدمی کے لیے آسانی کا سامان فراہم کیا، اللہ تعالیٰ اس کے لیے دنیا و آخرت میں سہولت کا فیصلہ فرمائے گا۔ اللہ تعالیٰ اس وقت تک بندہ کی مدد کرتا ہے جب تک بندہ اپنے بھائی کی مدد کرتا رہے۔ (مسلم)
اسی طرح ہمارے نبیؐ کا فرمان ہے کہ اگر کوئی مسلمان کسی مسلمان کو دو مرتبہ قرضہ دیتا ہے، تو ایک بار صدقہ ہوتا ہے۔ (نسائی ، ابن ماجہ)
قرض لینے والا اپنی خوشی سے قرض کی واپسی کے وقت اصل رقم سے کچھ زائد رقم دینا چاہے، تو یہ جائز ہی نہیں بلکہ ایسا کرنا نبی اکرمؐ کے عمل سے ثابت ہے، لیکن پہلے سے زائد رقم کی واپسی کا کوئی معاملہ طے نہیں ہونا چاہیے۔
٭ رہن سے متعلق چند اہم مسائل:۔ جب راہن قرض میں لی گئی رقم یا گروی رکھ کر خریدے ہوئے سامان کی قیمت واپس کردے گا، تو مرتہن گروی میں رکھی ہوئی چیز کو واپس کردے گا، لیکن جب تک راہن قرض میں لی گئی رقم یا گروی رکھ کر خریدے ہوئے سامان کی قیمت ادا نہیں کرے گا، مرتہن کو گروی میں رکھی ہوئی چیز کو واپس نہ کرنے کا حق حاصل رہے گا۔ کوئی سامان گروی رکھ کر قرض میں لی گئی رقم یا خریدے ہوئے سامان کی قیمت وقت پر ادا نہ کرنے پر مرتہن کو حق حاصل ہوگا کہ وہ گروی میں رکھی ہوئی چیز کو فروخت کرکے اپناحق حاصل کرلے۔ مثلاً گھڑی گروی رکھ کر ایک ہزار روپیہ کے چاول فروخت کرنے کی صورت میں، پہلے سے طے شدہ ادائیگی کے وقت پر قیمت ادا نہ کرنے پر مرتہن کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ گھڑی فروخت کرکے اپنا حق یعنی ایک ہزار روپیہ حاصل کرلے، باقی رقم راہن کو واپس کر دے۔ ہاں، اگر گھڑی ایک ہزار روپیہ سے کم میں فروخت ہوئی، تو اسے اپنی رقم کا باقی حصہ راہن سے لینے کا حق حاصل رہے گا۔
اگر راہن (جو گروی میں رکھے ہوئے سامان کا اصل مالک ہے) رہن میں رکھی ہوئی چیز (جو مرتہن کے پاس ہے) فروخت کردے، تو اس کا فروخت کرنا مرتہن کی اجازت یا اس کا قرضہ ادا کرنے پر موقوف رہے گا۔ اگر اس کے بعد مرتہن نے اجازت دے دی یا راہن نے اس کا روپیہ دے دیا تو بیع ہوجائے گی ورنہ نہیں۔
رہن میں رکھی ہوئی چیزکے اخراجات راہن کے ذمہ ہوں گے۔ مثلاً راہن نے اپنی بھینس گروی رکھ کر دس ہزار روپیہ قرض لیا، تو بھینس کے چارہ وغیرہ کا خرچہ راہن (یعنی جو اصل میں بھینس کا مالک ہے) کے ذمہ رہے گا۔ اسی طرح گروی میں رکھی ہوئی چیز میں جو اضافہ اور بڑھوتری ہوتی ہے مثلاً گروی رکھی ہوئی بھینس نے بچہ دیا، تو بچہ راہن (یعنی جو اصل میں بھینس کا مالک ہے) کی ملکیت ہوگا۔
رہن میں رکھی ہوئی چیز کا موجود ہونا ضروری ہے، یعنی اگر کوئی شخص آئندہ موسم پر آنے والے پھلوں کو درخت اور زمین کے بغیر گروی میں رکھ کر رہن کا کوئی معاملہ طے کرنا چاہے، تو یہ جائز نہیں ہے۔ اگر مرتہن کے قصد کے بغیر مرہون (یعنی گروی رکھی ہوئی چیز) ضائع ہوجائے تو اب اس کی تین صورتیں ہیں:
٭ گروی رکھی ہوئی چیز اور قرض کی مالیت برابر ہے۔
٭ گروی رکھی ہوئی چیز کی قیمت قرض کی مالیت سے زائد ہے۔
٭ گروی رکھی ہوئی چیز کی قیمت قرض کی مالیت سے کم ہے۔ اگر دونوں برابر ہیں، تو یہ سمجھا جائے گا کہ مرتہن نے اپنا قرضہ حکماً وصول کرلیا اور اگر گروی میں رکھی ہوئی چیز کی قیمت زائد ہے، تو یہ زائد چیز امانت کے حکم میں ہے، لہٰذا جو زائد ہے اس کے ضائع ہونے پرکوئی تاوان مرتہن پر لازم نہیں آئے گا۔
اور اگر گروی میں رکھی ہوئی چیز کی قیمت قرض کی مالیت سے کم ہے، تو اس صورت میں گروی میں رکھی ہوئی چیز کی قیمت کی مقدار کے برابر قرض ختم ہوجائے گا اور باقی ماندہ قرض مرتہن راہن سے وصول کرے گا۔

…………………………………………………..

 لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com پر ای میل کردیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔