1 مارچ، شاہد خان آفریدی کا یومِ پیدائش

یکم مارچ کو شاہد خان آفریدی پیدا ہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق شاہد خان آفریدی کا نام پاکستان کے بہترین آل راؤنڈرز میں شمار ہوتا ہے۔ آفریدی، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بھی رہ چکے ہیں۔
شاہد آفریدی کا پورا نام ’’صاحبزادہ محمد شاہد خان آفریدی‘‘ ہے۔ آپ یکم مارچ 1980ء کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے۔ 1996ء میں کرکٹ کی دنیا میں قدم رکھنے والے آفریدی ’’بوم بوم آفریدی‘‘ کے نام سے بھی پہچانے جاتے ہیں۔
آفریدی کو ’’بوم بوم آفریدی‘‘ کا نام بھارت کے معروف کرکٹر اور کمنٹیٹر ’’روی شاستری‘‘ نے دیا۔

روی شاستری، جنہوں نے آفریدی کو "بوم بوم آفریدی” کا خظاب دیا۔ (Photo: sport360.com)

وکی پیڈیا کے مطابق آفریدی کے کیرئیر کی جھلکیاں کچھ یوں ملاحظہ کی جاسکتی ہیں:
4 اکتوبر 1996ء کو سری لنکا کے خلاف صرف 37 گیندوں کی مدد سے 102 رنز بنانے کا اعزاز۔
اپنی پہلی سنچری صرف 16 سال 217 دن کی عمر میں بنانے کا اعزاز۔
مارچ 2005ء میں بھارت کے خلاف دوسری اننگز میں صرف 26 گیندوں پر پچاس رنز بنائے اور 3 وکٹ لے کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی میچ میں آفریدی کو روی شاستری نے ’’بوم بوم آفریدی‘‘ کا خطاب دیا۔
یک روزہ کرکٹ میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا ریکارڈ۔
جنوری 2006ء میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ میچ میں ہربھجن سنگھ کو لگا تار چار گیندوں پر چھکے رسید کیے۔ ایسا آفریدی سے پہلے صرف کپل دیو کر چکے تھے۔
2007ء میں سری لنکا کے گیند باز ملنگا بندارہ سے ایک اوور میں 32 رنز لینے میں کامیاب ہوئے۔ یہ کرکٹ کا دوسرا مہنگا ترین اوور تھا۔
کرکٹ کے صرف تیسرے کھلاڑی ہیں جو 5000 رنز کرنے کے ساتھ 200 وکٹیں بھی لے چکے ہیں۔ دوسرے دو کھلاڑی سناتھ جے سوریا اور جیک کیلس ہیں۔