موسم کے حساب سے سوات وادی کو تین زونز (Zones) میں تقسیم کیا جاتا ہے: لوئر سوات، اَپر سوات اور سوات کوہستان (تحصیلِ بحرین کا پورا علاقہ جس میں مدین، بحرین اور کالام کے پہاڑ اور ساری وادیاں شامل ہیں)۔
لوئر سوات چارباغ تک ہے، جب کہ اَپر سوات فتح پور تک کا علاقہ ہے۔
لوئر سوات اور تحصیلِ بحرین میں نارمل حالات میں مون سون کی بارشیں نہیں ہوتیں۔ تحصیلِ بحرین میں جب مون سون کی ’’ابنارمل‘‘ (Abnormal) بارشیں شروع ہوجائیں، تو 2010ء اور 2022ء کی طرح سیلابوں کا خطرہ ہوتا ہے۔
اَپر سوات میں مون سون کی بارشیں شانگلہ کوریڈور یعنی ہمالیہ کی طرف سے آتی ہیں، جن کو بیش تر حالات میں مانکیال چوٹی (کوشئیجن) اوپر آنے سے روکتا ہے۔
کبھی کبھار ایک ’’شاور‘‘ (Shower) کی صورت میں یہ بارشیں مدین تک آتی ہیں، مگر اُن کا دورانیہ طویل نہیں ہوتا۔
آج صبح (27 جون 2025ء) کی تیز بارشیں بحرین اور کالام کے علاقوں میں نہیں ہوئیں اور تیرات و پیا تک محدود رہیں۔ البتہ مدین اور بحرین کے جنوب میں تھوڑی بارشیں تین گھنٹوں تک ہوئیں۔
تیرات اور پیا سے نیچے کے علاقے یعنی اَپر سوات میں تیز بارشیں ہوئیں، جن کی وجہ سے دریائے سوات میں بہاو میں اضافہ ہوا، جس کی وجہ سے فضا گٹ کے مقام پر کئی لوگ پھنس گئے اور جن میں کئی افراد دریا کی موجوں کی نذر ہوگئے۔
یاد رہے، آج صبح کالام، بحرین اور ان کی ذیلی وادیوں میں کوئی سیلاب نہیں آیا تھا۔ دریائے سوات کے بیچ پھنسے ان افراد کے لیے کوئی انتظام نہ کیا گیا۔
اس ریاست میں عام لوگوں کی کوئی اوقات نہیں۔ یہ ریاست نہیں، بل کہ ایک کارپوریشن ہے جو بیرونی قرضوں سے چلتی ہے اور کارپوریٹ سیکٹر کا خیال رکھتی ہے۔
یہاں ہیلی کاپٹر کسی کرکٹ میچ کی نگرانی کرسکتے ہیں، تاہم عام لوگوں کی جان بچانے کے لیے کوئی ہیلی کاپٹر نہیں آتا۔
ہاں! ہیلی کاپٹر اُس وقت دست یاب ہوں گے جب کوئی بیرونی طاقت اس کارپویشن کو رقوم مہیا کرے، تاکہ یہ کچھ مدد اپنے شہریوں کی کرسکے!
سنا ہے کوئی قومی ادارہ ہے جو آفات سے نمٹنے کے لیے بنا ہے اور اُس کی صوبائی اور ضلعی شاخیں بھی ہیں۔ البتہ یہ بھی سنا ہےکہ اُس ادارے کے لوگ مفت کی تنخواہیں لے رہے ہیں اور ان کے دفاتر میں دھول کا راج ہوتا ہے۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔










