بلغم، اقسام اور وجوہات

Blogger Doctor Noman Khan, Chest Specialist

قارئین! اکثر پوچھا جاتا ہے کہ بلغم کیا ہے اور اس کے آنے کی وجہ کیا ہو سکتی ہے؟
بلغم دراصل تھوک کی ایک قسم ہے، جو کہ ہمارے پھیپڑوں میں بنتی ہے۔ بنیادی طور پہ بلغم کا یہ مطلب ہے کہ ہمارا جسم کسی قسم کی انفیکشن سے لڑ رہا ہے اور اس کے ریسپانس میں یہ زیادہ ریلیز ہوتی ہے۔ یہ (بلغم) ایک چپچپا مادہ ہے، جو جسم میں بلغم کی جھلیوں سے تیار ہوتا ہے۔ یہ سانس کی نالی کی حفاظت اور چکنا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس تحریر کا مقصد گلے میں موجود بلغم کی مختلف اقسام، اُن کی ممکنہ وجوہات اور صحت پر اُن کے مضمرات کے بارے میں ایک جامع تفہیم فراہم کرنا ہے۔
٭ نظامِ تنفس میں بلغم کا کردار:۔ بلغم ایک حفاظتی رکاوٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔ دھول، پیتھوجینز اور دیگر ذرات جو نظامِ تنفس میں داخل ہوتے ہیں۔ سیلیا (چھوٹے بالوں کی طرح کی ساخت) اسے گلے کی طرف لے جاتی ہے، جہاں اسے نگلا یا نکالا جاسکتا ہے۔ یہ عمل سانس کی نالی کی صفائی اور فعالیت کو برقرار رکھنے کے لیے ضروری ہے ۔
٭ نارمل بہ مقابلہ غیر معمولی بلغم:۔ عام حالات میں بلغم صاف اور پتلا ہوتا ہے، لیکن مختلف عوامل اس کی ظاہری شکل اور مستقل مزاجی کو بدل سکتے ہیں۔ غیر معمولی بلغم کسی بنیادی حالت یا انفیکشن کی علامت ہوسکتی ہے۔ بلغم کے پانچ بنیادی رنگ اور کئی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں، جیسا کہ
٭ سبز یا پیلی بلغم:۔ سبز یا پیلی بلغم کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو کسی قسم کی انفیکشن ہے، جس کا مقابلہ کرتے ہوئے آپ کے جسم کے سفید خلیے مر رہے ہیں۔ اُن کی موجودگی کی وجہ سے آپ کی بلغم کا رنگ ایسا ہوسکتا ہے۔
جن بیماریوں کی وجہ سے ایسا ہو سکتا ہے، اُن میں ذیل میں دی جانے والی بیماریاں شامل ہیں:
1) برونکائٹس:۔ اس میں آپ کو کھانسی ہوتی ہے اور اس کے بعد آپ کے تھوک میں پیلی یا سبز بلغم آنا شروع ہو جاتی ہے اور یہ بلغم بیکٹیریل یا وائرل ہر دو طرح کی انفیکشن سے ہوسکتی ہے ۔
2) نمونیا:۔ نمونیا کے دوران میں بھی آپ کو پیلی یا سبز بلغم آتی ہے۔ اس کے علاوہ ’’سنوسائٹس‘‘ اور ’’سسٹک فائبروسس‘‘ میں یہ آتی ہے۔
٭ براؤن بلغم:۔ بلغم کا یہ رنگ خون کے پرانے خلیوں کی وجہ سے ہوتا ہے، جس کی بنیادی وجہ بیکٹیریل انفیکشن ہی ہوتی ہے۔ ان بیماریوں میں بیکٹریل نمونیا، برونکائٹس، نیموکوکس اور پھیپڑوں میں ’’پس سیلز‘‘ (Pus Cells) کا بن جانا ہوسکتی ہے۔
٭ سفید بلغم:۔ سفید بلغم کی وجہ وائرل برونکائٹس، معدے کی پرابلمز یا پھر سانس کی نالی کا تنگ ہونا ہوتی ہے۔ اس کے علاوہ دل کے فیل ہونے سے پہلے کم خون کی سپلائی کی وجہ سے پھیپڑوں میں سفید فلوئڈ جمع ہوسکتا ہے، اسے ہم ایڈیما کہتے ہیں۔
٭ کالی بلغم:۔ کالی بلغم آنے کی وجہ کوئلہ کان کا دھول یا گرد و غبار، سموکنگ اور فنگل انفیکشن ہوتی ہے ۔
٭ شفاف بلغم:۔ اگر آپ کو بالکل شفاف بلغم آتی ہے، تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کا جسم غیر ضروری پروٹینز کو باہر نکال رہا ہے اور اس کی وجہ مختلف اقسام کی الرجی ہوسکتی ہے۔
٭ گلابی بلغم:۔ گلابی بلغم بننے کا امکان تب ہوتا ہے جب آپ کو ٹی بی ہو یا آپ کو دل کا کوئی عارضہ لاحق ہو۔
عام حالات میں تھوڑی بہت بلغم آنا بالکل نارمل ہے، لیکن مذکورہ میں سے حد سے زیادہ کسی ایک رنگ کی بھی بلغم کا آنا کسی سیریس انفیکشن کی علامت ہوسکتی ہے۔
قارئین! یاد رہے، یہ معلومات صرف آپ لوگوں کی آگاہی کے لیے ہیں۔ اگر آپ کوئی بھی ایسی علامت رکھتے ہیں، تو خود سے بیماری کا تعین کرنے کی بہ جائے ڈاکٹر کے پاس جائیں۔ کیوں کے صحت مند پھیپڑے، صحت مند زندگی کی ضمانت ہیں ۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے