آل پارٹیز کانفرنس اور قومی جرگہ کے تمام شرکا اِس قرارداد کے ذریعے متفقہ فیصلہ کرتے ہیں کہ
٭ سوات کے عوام سوات کی قیمتی اور محدود زمین پر مزید سرکاری پراجیکٹس اور ان کی آڑ میں زمینوں پر سیکشن فور اور قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کرتے۔
٭ سوات کے علاقہ نیکپی خیل تحصیلِ کبل میں عوام نے ریاست کی خاطر ہر قسم کی جانی ومالی قربانی دی ہے۔ اب عوام مزید کسی بھی قسم کی قربانی کے متحمل نہیں ہوسکتے۔
٭ علاقہ نیکپی خیل تحصیلِ کبل کی محدود زمین پر پہلے سے کئی سرکاری منصوبے بن چکے ہیں، جن میں سیدو شریف ائیرپورٹ، ایف سی کیمپ، گالف کورس گراؤنڈ، کانجو ٹاؤن شپ اور چھاؤنی کے لیے قیمتی زمین اونے پونے داموں لی گئی ہیں۔ اب ہم کسی صورت مزید زمین دینے اور ظالمانہ منصوبے برداشت نہیں کریں گے۔
٭ چھاؤنی اور ائیربیس کی آڑ میں یہاں پر کنٹونمٹ بورڈ کے قیام کے خفیہ اور ظالمانہ منصوبے کے ذریعے یہاں کے عوام کی سول آزادی اور خود مختاری کو ختم کرنے اور یہاں کے سیکڑوں سال پرانے کلچر، روایات اور تہذیب و تمدن کو مٹانے کی سازش سمجھتے ہیں۔
٭ سوات اور خصوصاً اس علاقے کے عوام اس قسم کے فیصلوں اور سیکورٹی سٹیٹ کی مانند فاشسٹ نظام کی غیر ضروری پابندیوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کے لیے کسی صورت تیار نہیں۔
٭ یہاں کے عوام یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ تحصیلِ کبل سوات کے کسی بھی علاقے میں کنٹونمنٹ بورڈ کے قیام کے اس ظالمانہ، سوات دشمن اور عوام دشمن منصوبے کو فوری طور پر علی الاعلان ختم کیا جائے۔ اسی میں ملکی اداروں، انتظامیہ اور حکومت کی بہتری ہے۔
٭ عوام کے اعتماد کو فوری بہ حال کرتے ہوئے سوات میں ایسے عوام دشمن اور غیر ضروری منصوبوں سے مستقبل میں بھی اجتناب کیا جائے۔
٭ سوات کے عوام شریف، مہمان نواز، تعلیم یافتہ اور خوش اخلاق ہیں، لیکن کچھ مخصوص طبقے ان اوصاف کو اہلِ سوات کی کم زوری سمجھتے ہوئے، ان کو ہلکا نہ لیں۔ سوات کے عوام کی تاریخ گواہ ہے کہ یہ اپنا حق لینا اور چھیننا جانتے ہیں۔
٭ سوات کا یہ نمایندہ جرگہ اور آل پارٹیز کانفرنس متفقہ طور پر مطالبہ کرتے ہیں کہ عید الفطر سے قبل اس عوام دشمن اور سوات دشمن منصوبے کے فوری اور مکمل خاتمے کا اعلان کیا جائے۔ بہ صورتِ دیگر ہم اہلِ سوات ’’کنٹونمنٹ بورڈ نامنظور تحریک‘‘ کے زیرِ سایہ ایوب بریج پر دھرنا دینے اور نامعلوم مدت تک اسے جاری رکھنے کی کال دیں گے۔
’’لا بہ یو کیگو، گنی ورکیگو!‘‘
قرار داد کے آخر میں باقاعدہ طور پر ہاتھ اٹھا کر اعلامیہ کی منظوری دی گئی۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔
