دریائے سوات بچاو تحریک: احتجاجی مظاہرے کا اعلامیہ

Blogger Inam Ullah Torwali

’’دریائے سوات بچاو تحریک‘‘ ایک غیر سیاسی، غیرفرقہ وارانہ، مقامی اور عوامی تحریک ہے، جو سوات کوہستان (تحصیلِ بحرین ضلع سوات) کے ہر طبقے کی نمایندگی کرتی ہے۔
اس تحریک کے زیرِاہتمام کل بہ مورخہ 23 اگست 2024ء کے پُرامن احتجاج کے اہم نِکات یہ ہیں:
1:۔ دریائے سوات پر بنائے جانے والے "Pakhtunkhwa Energy Development Organization” (PEDO) کے مجوزہ پن بجلی گھر منصوبے، اُن کے دور رس اور خطرناک نقصانات کے باعث ہمیں کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔
2:۔ سوات کوہستان کی وجۂ شہرت یہاں کی سیاحت ہے اور اسی پر علاقے کی معیشت کا انحصار ہے۔ مجوزہ پن بجلی گھروں کی تعمیر سے یہاں کی سیاحت کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچے گا۔ ملکی اور بین الاقوامی سیاح، جو یہاں کے قدرتی ماحول خصوصاً دریائے سوات کے پانی سے لطف اندوز ہونے کے لیے آتے ہیں، دریا کو پوری وادی میں سرنگوں کے اندر لے جانے سے یہ سیاحوں کی نظروں سے اوجھل رہے گا۔
3:۔ وادی میں ہزاروں سال سے بہنے والا دریا اس کے قدرتی بہاو کے راستوں سے ہٹا کر سرنگوں میں لے جانے سے شدید ’’اکالوجیکل‘‘ عدم توازن پیدا ہوگا۔ اس سے بڑے ماحولیاتی اور حیاتیاتی مسائل پیدا ہوں گے۔
4:۔ سوات کوہستان کے کوہستانی لوگ علاقے کے قدیم ترین مقامی باشندے (Indigenous Peoples) ہیں۔ مجوزہ پن بجلی گھر منصوبوں سے ان کے ثقافتی ورثے اور آبادی کے ماحولیاتی توازن کو یقینی طور پر نقصان پہنچے گا۔ ہم مقامی باشندوں کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حقوق سے دست بردار نہیں ہوں گے، جن میں ان کے قدرتی وسائل کے استعمال اور تحفظ کے حقوق بھی شامل ہیں۔
5:۔ اس منصوبے کے لیے کی جانے والی ماحولیاتی، سماجی اور دیگر رپورٹس حد درجہ غیر ذمہ دارانہ، متعصبانہ، نامکمل اور ناقص ہیں…… جن میں اس منصوبے کے مقامی آبادی پر پڑنے والے ہول ناک نقصانات اور ان کے ممکنہ خطرناک نتائج کو یک سر نظرانداز کردیا گیا ہے۔
6:۔ ہماری تحریک مکمل طور پر پُرامن ہے اور رہے گی۔ ہم تمام تر قانونی طریقے اور ذرائع استعمال کرتے ہوئے مقامی آبادی کے ہر ہر فرد، مرد و زن اور پیر و جواں میں بیداری پیدا کرکے اُنھیں اُن کے جائز قانونی حقوق کے استحصال کے خلاف منظم کرنے اور پُرامن مزاحمت کے لیے صف آرا کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔
7:۔ لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ توانائی کے دیگر بے ضرر اور کم نقصان دِہ ذرائع اور طریقے لوگوں کی مرضی اور مشورے سے تلاش کیے جائیں، جن سے مقامی آبادی اور ماحول کم سے کم متاثر ہو اور مجوزہ منصوبے یک سر منسوخ کیے جائیں۔
……………………………………
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے