ٹکٹوں کی غیر منصفانہ تقسیم کے باوجود کپتان کے ساتھ ہیں، انجینئر ریاض خان

Engeneer Riaz Khan PTI

پاکستان تحریکِ انصاف سوات کے رہنما انجینئر ریاض خان نے کہا ہے کہ پارٹی ٹکٹوں کی تقسیم پر تحفظات ہونے کے باوجود عمران خان کے وِژن کی تکمیل اور پی ٹی آئی کے امیدواروں کی کامیابی کے لیے جد و جہد کریں گے، عمران خان نے ہر ایک فرد کی جیب میں صحت کارڈ کے ذریعے 10 لاکھ روپے رکھے، تاکہ علاج معالجہ کے دوران میں کوئی بھی فرد کسی دوسرے کا محتاج نہ رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سوات پریس کلب میں ساتھیوں کے ہم راہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
اُنھوں نے کہا کہ عوام عمران خان کی حقیقی آزادی کی تحریک کا ساتھ دیں اور انتخابات میں پاکستان تحریکِ انصاف کے نام زد اُمیدواروں کو کامیاب بنائیں۔ موجودہ انتخابات کے لیے مجھ سمیت پارٹی کے 20 نظریاتی ورکروں نے این اے 2 کے پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ ہم نے فیصلہ کیا تھا کہ پارٹی کی جانب سے جس بھی ورکر کو پارٹی ٹکٹ مل جائے، تو سب اُس کی حمایت کریں گے، لیکن بدقسمتی سے پارٹی ٹکٹ اُن 20 ورکروں میں سے کسی کو نہیں ملا بلکہ الیکشن سے چند روز پہلے پی پی پی سے پی ٹی آئی میں شامل ہونے والے ڈاکٹر امجد کو ملا۔ ڈاکٹر امجد پر تحفظات ہونے کے باوجود عمران خان کے لیے اُسے تسلیم کیا۔ کیوں کہ عمران خان ایک نظریے اور وِژن کا نام ہے۔
اُنھوں نے کہا کہ عمران خان ملک کی حقیقی آزادی کے لیے جد و جہد کر رہے ہیں۔ ملک وقوم کے لیے جیل کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں۔ عمران خان اداروں میں اصلاحات چاہتے ہیں۔ اس لیے ہم زندگی بھر اُن کا ساتھ دیتے رہیں گے۔
آخر میں اُنھوں نے پارٹی اُمیدواروں اور ورکروں کے نام پیغام دیا کہ کسی بھی حلقہ میں امیدواروں اور ورکروں کو میرا تعاون درکار ہو، تو مجھ سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے