معلوماتِ عامہ کی انگریزی ویب سائٹ "britannica.com” کے مطابق ’’اینگ لی‘‘ (Ang Lee)، مشہور تائیوانی ہدایت کار، 23 اکتوبر 1954ء کو تائیوان میں پیدا ہوئے۔
وکی پیڈیا کے مطابق اوائلِ عمر میں کلاسیکی چینی سیکھی اور قومی تائینن فرسٹ سینئر ہائی اسکول سے گریجویشن کی، جہاں والد پرنسپل کے طور پر متعین تھے۔ والد کی خواہش تھی کہ بیٹا پروفیسر بنے، مگر دو دفعہ کالج امتحانات میں فیل ہونے کے بعد نیشنل آرٹس اسکول میں داخلہ لیا۔ لازمی فوجی سروس کے بعد 1979ء میں یونیورسٹی آف الینوائے میں تھیٹر ڈگری میں داخلہ لیا۔ نیویارک یونیورسٹی ٹش اسکول آف آرٹس سے ایم ایف اے کی ڈگری حاصل کی۔ زمانۂ طالب علمی میں ہی مختصر فلم ’’شیڈز آف دا لیک‘‘ آبائی وطن میں بہترین ڈراما ایوارڈ جیت چکی تھی، یہ فلم گریجویشن کے دوران میں 1982ء میں بنائی تھی۔ تھیسز میں ’’اینگ لی‘‘ نے 1984ء میں ’’فائن لائن‘‘ بنائی اور اس کے لیے نیویارک یونیورسٹی نے ویسرمین ایوارڈ دیا۔
1990ء میں دو اسکرین پلے ’’ویڈنگ بینکویٹ‘‘ اور ’’پُشنگ ہینڈز‘‘ لکھ کر تائیوان گورنمنٹ انفارمیشن سروس مقابلے میں بھیجا۔ مقابلے میں دونوں نے بالترتیب پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔ 1991ء میں ’’پنشنگ ہینڈز‘‘ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے ۔ اس کے بعد اتائیوانی اور ہالی ووڈ کی متعدد فلموں کی ہدایت کاری کے فرائض انجام دیے اور اکیڈمی ایوارڈ، گولڈن گلوب ، گولڈن لائنز سمیت کئی اہم ایوارڈ ہدایت کاری اور اسکرین پلے کے حوالے سے جیتے۔