27 مئی، صمد ورگون کا یومِ انتقال

وکی پیڈیا کے مطابق صمد ورگون (Samad Vurgun)، آذربائیجان کے قومی شاعر، ڈراما نویس، رکن آذربائیجان سائنس اکادمی، رکن کمیونسٹ پارٹی آف سوویت یونین، لینن انعام یافتہ اور عوامی کارکن، 27 مئی 1956ء کو باکو (آذربائیجان کا دار الحکومت) میں انتقال کرگئے۔
21 مارچ 1906ء آذربائیجان کے قازاخ ضلع کے گاؤں سلاہلی میں ایک زمین دار کے گھر پیدا ہوئے۔ابھی 6سال کے تھے کہ ماں کا انتقال ہو گیا۔ باپ یوسف آغا اور نانی عائشہ خانم نے صمد پرورش کی۔ ابتدائی تعلیم اپنے گاؤں میں حاصل کی۔ 1922ء میں باپ اور بعد ازاں نانی عائشہ خانم کا بھی انتقال ہو گیا۔ 1929ء ماسکو یونیورسٹی کے ادبی اسکول میں داخل ہوئے۔
آذربائیجان کے ممتاز تھے جن کا شمار سوویت شاعری کے اساتذہ میں ہوتا تھا۔ 1930ء میں سیاسی اور غنائی نظموں کی کتاب ’’حلفِ شاعر‘‘ شائع ہوئی۔ 1930ء تا 1940ء کا دور شاعرانہ زندگی میں جوش و خروش کا دور تھا۔ 1936ء تا 1937ء میں نہ صرف نئی شاعرانہ تخلیقات کیں بلکہ تراجم کی طرف بھی رجحان ہوا اور الیکزاندرپشکن کا مشہور و معروف منظوم ناول ’’ایوگنی اونیگن‘‘ کا روسی سے آذربائیجانی زبان میں ترجمہ کیا۔ اس ترجمہ پر پشکن کمیٹی کی جانب سے ’’پشکن انعام‘‘ حاصل کیا۔ تاراس شیوچنکو، میکسم گورکی، جمبول جبائیف اور بہت سے دوسرے ادیبوں کی تخلیقات آذربائیجانی زبان میں ترجمہ کیں۔ 1937ء میں منظوم ڈراما ’’واقف‘‘ تخلیق کیال جس سے انھیں عالمی شہرت ملی۔
1939ء میں نظامی گنجوی کے 800 سالہ جشن میں فعال طور پر حصہ لیا۔ نظامی گنجوی پر مضمون شائع کیا۔ تقریر کی اور نظامی گنجوی کی مشہور تخلیق لیلیٰ مجنوں کا منظوم ترجمہ بھی کیا۔ 1939ء میں شاعری کی کتاب آزاد الہام اور 1941ء میں شیریں اور فرہاد شائع ہوئی۔ 1941ء میں ان کے ڈراما ’’واقف‘‘ پر اسٹالن انعام سے نوازے گئے۔ 1945ء میں آذربائیجان سائنس اکادمی کے مکمل رکن منتخب کیے گئے۔ اسی سال باکو میں ثقافتی روابط کی سوسائٹی برائے ایران قائم کی گئی۔ اس سوسائٹی کے چیئرمین منتخب کیے گئے۔ 1945ء میں فلسفیانہ ڈراما ’’انسان‘‘ تخلیق کیا۔ 1947ء میں سوویت یونین کی اعلا سوویت کے وفد کے ہم راہ برطانیہ سے ہوتے ہوئے برلن گئے۔ 1948ء میں عالمی کانگرس برائے ثقافتی کارکنان منعقدہ پولینڈ میں شرکت کی۔ 1951ء میں ’’سوویت-بلغاریہ فرینڈشپ سوسائٹی‘‘کی طرف سے بلغاریہ کا دورہ کیا۔ 1953ء میں آذربائیجان کی سائنس اکادمی کے نائب صدر منتخب ہوئے۔
آذربائیجان میں 70 سڑکیں، 7 کتب خانے، 20 اسکول، 5 ثقافتی مراکز، 5 پارک اور 4 سنیما صمد ورگون کے نام منسوب ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے