19 مئی، رسکن بونڈ کا یومِ پیدایش

وکی پیڈیا کے مطابق رسکن بونڈ (Ruskin Bond) ہندوستانی ادیب، بچوں کے مصنف اور اعلا ناول نگاروں میں سے ایک، 19 مئی 1934ء میں بھارتی ریاست ہماچل پردیش کے شہر کسولی میں ایک اینگلو انڈین گھرانے میں پیدا ہوئے۔
گذشتہ 6 دہائیوں سے کہانیاں لکھ رہے ہیں۔ اب تک 500سے زائد کہانیاں شائع کرچکے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کی 150 ناول اور دوسری کتابیں بھی منظر عام پر آچکی ہیں۔
کالج کے دنوں میں کہانیاں لکھیں اور کئی لٹریچر پرائز حاصل کیے۔ اعلا تعلیم کے لیے لندن چلے گئے جہاں ان کا پہلا ناول ’’دی روم آن دی روف‘‘(The Room on the Roof) شائع ہوا، جو انھوں نے 17 برس کی عمر میں لکھا تھا۔ اس ناول پر انہیں لیوین ریس (Llewellyn Rhys) پرائز سے نوازا گیا۔ واپسی پر چند سال دہلی اور دہرہ دُون میں صحافت کا شعبہ اپنایا۔ پھر میسوری میں بطورِ ادیب باقاعدہ کہانیاں لکھنا شروع کیں۔
رسکن بونڈ کے تین ناولوں کو فلم کے قالب میں ڈھالا جاچکا ہے۔’’فلائٹ آف پیجنز‘‘ (کبوتروں کی اُڑان) پر فلم ’’جنون‘‘ 1978ء، ’’دی بلیو امبریلا‘‘ (نیلی چھتری) پر فلم ’’دی بلیو امبریلا‘‘ 2005ء میں اور ’’سوسانا سیون ہزبنڈ‘‘ (سوسانا کے سات شوہر) پر ’’سات خون معاف‘‘2011ء کے نام سے فلم بنائی جاچکی ہے۔
رسکن بونڈ کو اعلا معیار کی مخصوص خدمات کے لیے سال 2014ء میں بھارتی حکومت کی طرف سے اعلا ترین شہری ایوارڈ ’’پدم بھوشن‘‘ سے نوازا گیا۔ اس سے قبل انھیں 1999ء میں ’’پدم شری‘‘ اور 1992ء میں ساہیتہ اکیڈمی ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے