پھلوں کی وادی ’’سوات‘‘ میں سیزن کا آخری پھل املوک (جاپانی پھل) کی فصل تیار ہے۔ اس کو ملک کے مختلف علاقوں کی منڈیوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
ایک زمین دار رحیم خان اس حوالے سے کہتے ہیں کہ املوک کی عمر زیادہ ہوتی ہے جس کی وجہ سے یہ ملک کے تمام علاقوں میں بآسانی پہنچ جاتا ہے۔
املوک کے بارے میں ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ یہ وٹامنز سے بھرا ہوا ہوتا ہے۔ اس کے کھانے سے جسم میں مختلف اقسام کے وٹامنز کی کمی کو پورا کیا جاسکتا ہے۔
اس طرح املوک قیمت میں باقی پھلوں سے سستا بھی ہے۔ اس وقت ملک بھر میں سوات کے املوک کی فی کلو گرام قیمت سو روپے کے قریب ہے۔
محکمۂ زراعت کے حکام کا کہنا ہے کہ سوات میں ڈھائی ہزار ایکڑ زمین پر املوک کی 70 لاکھ کلوگرام پیداوار ہوتی ہے جس سے زمین داروں کو سالانہ 84 کروڑ روپے کی آمدنی ہوتی ہے۔ زمین داروں کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ اس پھل کو اُتار کر خشک کراتے ہیں، جس کو بعد میں سال بھر ڈرائی فروٹوں کی دکانوں میں فروخت کیا جاتا ہے۔