وکی پیڈیا کے مطابق ہر سال 28 جولائی کو ’’ہیپاٹائٹس کا عالمی دن ‘‘(World Hepatitis Day) منایا جاتا ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد ہیپاٹائٹس جیسے تیزی سے بڑھتے ہوئے مرض کے بارے میں لوگوں کو آگاہی دینا ہے۔ ’’عالمی ادارۂ صحت‘‘ (World Health Organization) کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں ہیپاٹائٹس اے کے 14لاکھ، ہیپاٹائٹس بی کے 2 ارب اور ہیپاٹائٹس سی کے 15 کروڑ سے زاید لوگ شکار ہیں۔ اس مرض سے سالانہ 10 لاکھ سے زاید افراد ہلاک ہو رہے ہیں۔ ان کی تعداد میں ہر سال اضافہ ہو رہا ہے۔ پاکستان میں 1کروڑ سے زائد افراد اس مرض میں مبتلا ہیں۔اس کے پھیلاؤ میں سب سے بڑا خطرہ ایسے مریض ہیں جو اپنے مرض سے آگاہ نہیں ہوتے اور وہ اسے دیگر افراد میں منتقل کر دیتے ہیں۔ اس کے علاوہ آلودہ پانی اور ناقص خوراک ہیپا ٹائٹس اے اور ای کے پھیلنے کی بڑی وجہ ہیں …… جب کہ ہیپاٹائٹس بی، سی اور ڈی استعمال شدہ سرنج، خون کی منتقلی اور دیگر وجوہات سے پیدا ہوتا ہے۔