تحریر: حنظلۃ الخلیق
ہر انسان کی زندگی اتنی پُراسرار، مہم جو اور خوب صورت ضرور ہوتی ہے کہ اس پر ایک ناول لکھا جا سکے…… یا پھر فلم بنائی جا سکے۔ امریکی مصنف ونسٹن گروم "Winston Groom” نے اسی سوچ کے ساتھ ہی 1986ء میں اپنا ناول ’’فرسٹ گمپ‘‘ لکھا تھا۔
اس ناول کی کہانی ایک عام شخص کی زندگی کے گرد گھومتی ہے۔ اس کا نام "Forrest Gump” تھا؛ ایک محبت کرنے والا اور ہر موڑ پہ سرپرائز دینے والا لڑکا…… جو بچپن سے ہی عجیب تھا۔ بچپن میں اپنی ٹانگوں پر چلنے سے بھی قاصر تھا۔ پھر قدرت نے صحت دی، تو بھاگتے بھاگتے پہلوان اور کھلاڑی بن گیا۔ یونیورسٹی کی فٹ بال ٹیم کا ہیرو بنا اور پھر ٹیبل ٹینس کا عالمی کھلاڑی بن کر سب کو حیران کر دیا۔ امریکہ کی گلیوں سے نکل کر ویت نام جنگ کا سپاہی بنا رہا۔ پھر اس کے بعد "NASA” میں کام کرنے لگا…… اور ماہرِ فلکیات میں ڈھل گیا…… اور پھر آخر میں ایک بہت بڑا کاروباری تاجر بن گیا۔
اس سب سفر میں اس کے اندر وہی چھوٹا بچہ ہمیشہ موجود رہا…… جو سکول میں چلتا تھا اور اپنی ہم مکتب لڑکی ’’جینی‘‘ سے محبت کرتا تھا۔ وہی بچہ زندگی کے ہر موڑ اور تغیر پر ایک حیرت کی نظر مارتا چلتا رہتا۔ کچھ برس اس کی محبت جینی کی کہانی بھی اس کے ساتھ چلتی ہے۔ چہرے پر معصوم مسکراہٹ سجا کر ’’فرسٹ گمپ‘‘ اپنے نام پر لکھے اس ناول میں اپنی کہانی ہمیں خود سناتا ہے کہ زندگی کیا ہے…… اور امریکہ کی فضاؤں میں اس نے 40 برس کیسے گزارے؟
ایک یقین اور محبت کی داستان، ایک بچے کا محبت بھرا دل…… جو اس کے ساتھ بڑا نہ ہوا۔ وہ ماں کی باتیں جو سکول جاتے سنتا تھا…… بوڑھا ہو کر بھی دوہراتا رہا۔
ایک عام انسان کی دل چھو لینے والی دلچسپ خاص کہانی "Forrest Gump”
اس ناول کے مصنف نان فکشن نگاری کے حوالے سے جانے جاتے ہیں اور اپنی اس کہانی میں بھی سادگی اور عام زندگی ہی ان کے قلم سے نکلی ہے…… جو خاص بن گئی ہے۔
یہ تو تھا احوال امریکی ناول نگار’’ونسٹن گروم‘‘ کے اس ناول کا۔ اب ہوا یہ کہ 1994ء میں ’’پیرا ماؤنٹ پکچرز‘‘ نے اس ناول پر اسی نام سے یعنی ’’فرسٹ گمپ‘‘ فلم بنائی جو اتنی متاثر کن رہی کہ 6 آسکرز لے گئی۔ اس ناول کو بھی فلم بننے کے بعد مزید پذیرائی حاصل ہوئی اور لاکھوں میں بکا۔ یہ فلم ایک معیاری امریکن ثقافت کا عکس قرار دی گئی۔
’’پیرا ماونٹ پکچرز‘‘ والے اس فلم کی اتنی بڑی کامیابی کے بعد اب بھی آرام سے نہیں بیٹھے اور اب ہندوستان میں "Aamir Khan Productions” کے ساتھ مل کر اس فلم کا ’’آفیشل ری میک‘‘ تیار کیا ہے۔ فلم کا نام ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ رکھا گیا ہے۔ فلم میں فرسٹ گمپ کو لال سنگھ سے بدلا گیا ہے اور ہندوستانی رنگ میں پیش کیا گیا ہے۔
ناول کی کہانی کی طرح فلم میں بھی لال سنگھ (عامر خان) اپنی زندگی کی کہانی خود سناتا نظر آتا ہے۔
فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد ’’ہندوستان ٹائمز‘‘ نے لکھا ہے کہ اصل فلم ’’فرسٹ گمپ‘‘ اور ’’لال سنگھ چڈھا‘‘ میں بہت زیادہ مماثلت دیکھنے میں آ رہی ہے۔
بہر حال عامر خان کی ایک اور اچھی اور تخلیقی فلم جو کہ "Forrest Gump” ناول سے ماخوذ ہے، آ رہی ہے۔ 11 اگست 2022ء کو ورلڈ وائڈ نشر ہوجائے گی۔ فلم کا ’’ٹریلر‘‘ میں نے ’’فیس بک وال‘‘ پر کمنٹس میں اہلِ ذوق دوستوں کے لیے پوسٹ کر دیا ہے۔
………………………………………..
لفظونہ انتظامیہ کا لکھاری یا نیچے ہونے والی گفتگو سے متفق ہونا ضروری نہیں۔ اگر آپ بھی اپنی تحریر شائع کروانا چاہتے ہیں، تو اسے اپنی پاسپورٹ سائز تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بُک آئی ڈی اور اپنے مختصر تعارف کے ساتھ editorlafzuna@gmail.com یا amjadalisahaab@gmail.com پر اِی میل کر دیجیے۔ تحریر شائع کرنے کا فیصلہ ایڈیٹوریل بورڈ کرے گا۔